بدھ 12 صفر 1447هـ
#تلنگانہ

عدل، مساوات اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال حضرت عمرؓ : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا عدل و انصاف موجودہ دور کے حکمرانوں اور نظامِ عدل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ خلیفہ دوم حضرت عمرؓ کی زندگی میں عدل، مساوات اور انسان دوستی کی جو اعلیٰ مثالیں قائم ہوئیں، وہ آج بھی پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ان خیالات کااظہار مسجد محمودہ شاستری پورم میں نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں مولانا محمد ریاض احمد قا

دری حسامی(ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما) نے کیا۔مولانا نے اپنے خطاب میں مصر کے ایک قبطی نوجوان کا واقعہ بیان کیا، جس پر گورنر مصر کے بیٹے نے ظلم کیا تھا۔ جب نوجوان نے حضرت عمرؓ کے پاس انصاف کی فریاد کی، تو حضرت عمرؓ نے نہ صرف فوری عدالتی کارروائی عمل میں لائی بلکہ گورنر کے بیٹے کو سزا دی اور اس موقع پر تاریخی جملہ ارشاد فرمایا’’تم نے کب سے لوگوں کو غلام بنانا شروع کر دیا، حالانکہ ان کی ماؤں نے انہیں آزاد جنا تھا‘‘۔

مولانا ریاض احمد قادری حسامی نے کہا کہ حضرت عمرؓ کے عدل کی یہ مثال قیامت تک زندہ رہے گی۔ انہوں نے امت مسلمہ کو اس واقعے سے سبق لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کا مطلب ظلم نہیں بلکہ ایک بھاری ذمہ داری ہے۔عدل و انصاف کا دائرہ صرف مسلمانوں تک محدود نہیں، بلکہ پوری انسانیت اس کے دائرے میں آتی ہے۔اسلام مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب یا قوم سے تعلق رکھتا ہو۔اگر عدل کا نظام ختم ہو جائے تو کوئی بھی حکومت دیرپا نہیں رہ سکتی، چاہے وہ اسلامی ہو یا غیر اسلامی۔

مولانا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج بھارت جیسے ملک میں جہاں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کو سماجی، سیاسی اور قانونی سطح پر دبائو اور ناانصافی کا سامنا ہے، وہاں حکمرانوں اور عدالتی اداروں کو حضرت عمر فاروقؓ کی زندگی سے سبق لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عدل صرف عدالتوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ حکومت، معاشرے اور ہر فرد کے دل میں اس کا نفوذ ہونا چاہیے۔انہوں نے حضرت عمرؓ کا ایک اور مشہور قول بھی یاد دلایا ’’اگر فرات کے کنارے ایک بکری بھی بھوک سے مر جائے تو عمر ؓاس کا بھی جوابدہ ہو گا۔

مولانا نے موجودہ ملکی حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ظلم و زیادتی کے خلاف آواز بلند نہ کی گئی اور عدل و انصاف کا نظام نافذ نہ ہوا تو پورا سماجی ڈھانچہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گا۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عدل، اخوت اور حق گوئی کے اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں تاکہ ایک انصاف پسند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

عدل، مساوات اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال حضرت عمرؓ : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

18 جون 2025

عدل، مساوات اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال حضرت عمرؓ : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

21 جون 2025

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے