حسینی پیغام عدل و صداقت کا استعارہ ، یزیدی کردار ہر دور میں مردود : مولانا ریاض احمد حسامی
حیدرآباد(راست)کربلا کا عظیم سانحہ تاریخ اسلام کا وہ فیصلہ کن باب ہے جس نے قیامت تک کے لیے حق و باطل کے درمیان حد فاصل کھینچ دی۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے دینِ محمدی ؐ کی حفاظت، ظلم کے خلاف احتجاج، اور عدل کے قیام کے لیے اپنی جان نچھاور کر دی۔ ان کی شہادت نہ صرف ایک عظیم واقعہ ہے بلکہ ایک ابدی پیغام ہے جو اہل ایمان کو جرأت، صبر، استقامت، اور قربانی کا درس دیتا ہے۔
ان خیالات کااظہار مسجد محمودہ شاستری پورم میں نمازِ جمعہ سے قبل مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی(ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما ) نے اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے قاتلانِ حسینؓ کے عبرتناک انجام اور پیغامِ حسینیت ؓپراپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ اگرچہ یزید براہِ راست قاتل نہیں تھا، لیکن اس کی حکومت میں ظلم و بربریت کا بازار گرم ہوا، اور اس کی خاموشی و بے حسی اس کے جرم کو واضح کرتی ہے۔
مولانا حسامی نے ابن زیاد، شمر، عمر بن سعد جیسے کرداروں کے عبرت انگیز انجام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ظالموں کا انجام دنیا و آخرت دونوں میں رسوائی ہے۔مولانا نے اہلِ سنت والجماعت کے مؤقف کی وضاحت سے کرتے ہوئے کہا کہ ہم اہلِ بیتِ اطہار ؓسے محبت کو اپنے ایمان کا حصہ مانتے ہیں۔
امام حسینؓ مظلوموں کے امام ہیں۔ ہم سبّ و شتم کے قائل نہیں، لیکن ظالم سے نفرت اور مظلوم سے محبت کو دین کا تقاضہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم حسینی کردار کو اپنائیں، سچائی، عدل اور دیانت کے علَم بردار بنیں، اور ہر دور کے یزیدی کرداروں سے برأت کا اعلان کریں۔ آخرمیں مولانا نے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد، عدل اور حق گوئی کے لیے دعا کی۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































