مدرسہ جامعۃ الصالحات میں جلسہ ختم بخاری شریف و تقسیم اسناد کا انعقاد : مولانامحمدریاض احمد کا خطاب

کوداڈ سوریاپیٹ ۱۲ جنوری (پٹریاٹک ویوز) 12 جنوری 2025 کو مدرسہ جامعۃ الصالحات، دورا کنٹا، کوداڑ، سوریہ پیٹ، تلنگانہ میں ایک عظیم الشان جلسہ ختم بخاری شریف و تقسیم اسناد منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت اور اہم خطاب مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی (چیئرمین، ریاض العلوم و ریاض اسلامک اسکول، حیدرآباد) نے فرمایا۔
اپنے خطاب میں مولانا ریاض احمد نے علم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ دین اسلام نے ہمیشہ علم کو اہمیت دی ہے اور نبی اکرم ﷺ کی پہلی وحی "اقراء” اس بات کی دلیل ہے کہ علم کے بغیر دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ و طالبات اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور اسلام کے اصولوں کے مطابق اپنی زندگیوں کو سنواریں۔
مولانا نے خواتین کے کردار اور ان کی تعلیمی خدمات کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اسلام نے خواتین کو جو عزت و مقام دیا ہے، وہ کسی اور مذہب میں نظر نہیں آتا۔ انہوں نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی بیٹیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ وہ معاشرتی اور مذہبی میدان میں اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھا سکیں۔
مولانا نے معاشرتی برائیوں، خصوصاً جہیز کے خلاف سخت پیغام دیا اور کہا کہ جہیز جیسی لعنت نہ صرف خاندانوں کو مالی مشکلات میں مبتلا کرتی ہے بلکہ بعض اوقات یہ دین سے دوری کا باعث بھی بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو مرتد ہونے سے بچانے کے لیے والدین کو دین پر عمل کرنے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی اولاد کی تربیت کرنے کی ضرورت ہے۔
تقریب کے آخر میں فارغ التحصیل طالبات کو اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر داعی جلسہ مولانا حامد ندوی نے تمام شرکاء، مہمانان اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور مدرسہ جامعۃ الصالحات کے لیے دعائیں کیں۔
یہ جلسہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا اور شرکاء نے علم و دین کے حوالے سے بہت سی قیمتی نصیحتیں حاصل کیں۔