بایوٹیک، فارما اور میڈٹیک انوویشن میں حیدرآباد کا عروج – وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد، اتوار: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ جناب اے ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد اب صرف مینوفیکچرنگ ہی نہیں بلکہ بایوٹیک، فارما اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں انوویشن کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے میڈیکل مصنوعات میں انوویشن کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
وہ آج اے آئی جی اسپتال میں منعقدہ بایو ڈیزائن انوویشن سمٹ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حیدرآباد میں بہترین تعلیمی ادارے، صنعت سے شراکت داری اور اسکل ڈیولپمنٹ کا امتزاج موجود ہے، جس کے باعث ایک شاندار افرادی قوت تیار ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی ذہانت اور محنت کو ملک کے اپنے مسائل کے حل کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محققین اور انوویٹرز کو تلنگانہ کے تاریخی میڈیکل ڈیٹا تک رسائی دی جائے گی، تاہم اس میں ڈیٹا پرائیویسی کے اصولوں کی سختی سے پابندی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے اے آئی جی اسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر ناگیشور ریڈی کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے میڈٹیک میں بایو ڈیزائن طریقۂ کار کے تحت تحقیق کا آغاز کیا۔ بایو ڈیزائن ایسی حکمت عملی ہے جس کے ذریعے طبی ضروریات کو عملی ہیلتھ کیئر سلوشنز میں بدلا جاتا ہے، نہ صرف آلات ایجاد کر کے بلکہ ان کو کلینیکل طور پر جانچنے اور بڑے پیمانے پر تیار کرنے تک۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اب ڈائگناسٹک ڈیوائسز، امیجنگ ٹیکنالوجیز، امپلانٹس، سرجیکل آلات اور ڈیجیٹل ہیلتھ سلوشنز میں سرمایہ کاری کا مرکز ہے۔ ریاست نے سلطان پور میں ہندوستان کا سب سے بڑا میڈیکل ڈیوائسز پارک قائم کیا ہے جہاں 60 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں تحقیق، پروٹو ٹائپنگ، ٹیسٹنگ اور مینوفیکچرنگ کی بہترین سہولتوں کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2034 تک تلنگانہ ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جائے گا اور 2047 تک تین ٹریلین ڈالر تک پہنچے گا۔ مقامی اسٹارٹ اپس، ایم ایس ایم ایز اور کمپنیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایکو سسٹم حیدرآباد کو دنیا میں ایک منفرد اور متحرک مقام بناتا ہے۔




English 




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































