ریاستی حکومت کی جانب سے اسکولوں اور گرلز ہاسٹلز میں ٹریفک آگاہی پارکس کے قیام کی ہدایت

حیدرآباد 4جنوری (پٹریاٹک وویز) حیدرآباد کے ضلع کلکٹر انودیپ دوریشیٹی نے ضلع ایجوکیشن آفیسر کو اسکولوں اور گرلز ہاسٹلز میں ٹریفک آگاہی پارکس کے قیام کے لیے زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔ یہ فیصلہ ہفتہ کے روز ایک اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں ٹریفک، جی ایچ ایم سی، اور اقلیتی و فلاحی اداروں کے افسران شریک تھے۔ اجلاس کا مقصد روڈ سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینا اور آئندہ کی حکمت عملی وضع کرنا تھا۔
ضلع کلکٹر نے روڈ سیفٹی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو حادثات سے بچنے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے آگاہی پارکس کا قیام نہایت اہم ہے۔ اس موقع پر انہوں نے جی ایچ ایم سی کے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں نشاندہی شدہ 55 بلیک اسپاٹس میں سے باقی مقامات پر جلد از جلد کام مکمل کریں۔
روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے اسکولوں اور کالجوں کے قریب سائن بورڈز اور ڈمپل اسٹکس لگانے کی ہدایت بھی دی گئی۔ مزید یہ کہ روڈ سیفٹی کے موضوع پر بڑی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں طلبہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
اس سے قبل ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ضلعی انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی کو عام کرنے کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاؤں اور اسکول میں روڈ سیفٹی کے موضوع پر آگاہی پروگرامز منعقد کیے جائیں اور عوام میں ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کی جائے۔
اجلاس میں آر اینڈ بی کے اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج، جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر رمیش، ڈی ای او روہنی، اور دیگر افسران شریک تھے۔