ہنمکنڈہ ضلع کلکٹر سنیہا شبرش
ورنگل- 19/ اگست
( نامہ نگار )
ہنمکنڈہ ضلع کلکٹر سنیہا شبرش نے دھرما ساگر منڈل میں پرائمری ہیلتھ سنٹر کا بروز منگل اچانک معائینہ کیا اور طبی افسران اور عملہ کو کہا کہ موسمی بیماریوں سے چوکنا رہنا چاہیے۔ اس موقع پر کلکٹر نے دریافت کیا کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں روزانہ کتنے لوگ طبی خدمات کے حصول کیلئے رجوع ہوتے ہیں٬ اور انہوں نے ہیلتھ سنٹر میں شریک مریضوں اور آؤٹ پیشنٹ مریضوں سے متعلق ریکارڈ کا معائینہ کیا۔ کلکٹر نے پرائمری ہیلتھ سنٹر کے حدود میں بخار سے متاثرہ کیسوں کے اندراج کے بارے میں دریافت کیا کہ موسمی بیماریوں کے پھیلاؤ روکنے کیلئے کس طرح کے اقدامات کیے جارہے ہیں اور کن بیماریوں سے متعلق رپورٹیں کیسے جمع کی جا رہی ہیں۔ کلکٹر نے اس بات کا جائزہ لیا کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر سے متعلق پورٹل میں مطلوبہ دوائیوں کا اینڈینٹ کس طرح رجسٹر کیا جا رہا ہے۔ بنیادی مرکز صحت میں ادویات کے ذخیرہ کا معائینہ کیا۔ اس طرح کلکٹر نے میڈیکل آفیسر سے دریافت کیا کہ ٹی بی مکت بھارت ابھیان پروگرام کے تحت اب تک کتنے لوگوں کی جانچ کی گئی ہے اور ہائی رسک گروپس کے اسکریننگ ٹیسٹ کس طرح کرائے جا رہے ہیں۔ میڈیکل آفیسر نے ڈاکٹر ارونا دیوی نے کلکٹر کو بتایا کہ ٹی بی مکت بھارت ابھیان پروگرام کے تحت اب تک 820 لوگوں کا معائینہ کیا گیا ہے جن میں سے 84 کا ایکسرے بھی کیا گیا ہے۔ کلکٹر سنیہا شبرش نے مشورہ دیا کہ ہائی رسک گروپس کیلئے مزید اسکریننگ ٹیسٹ کرائے جائیں۔ اور منصوبے کے مطابق بڑی تعداد میں اسکریننگ ٹیسٹ کروائے جائیں۔ دیہاتوں میں بخار کے مریضوں کا سروے کرایا جائے۔ کلکٹر نے مشورہ دیا کہ لوگوں کو آگاہ کیا جائے تاکہ وہ موسمی بیماریوں کا شکار نہ ہوں۔ اس موقع پر کلکٹر کے ہمراہ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ارونا دیوی٬ آیوش میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جگدیشور پرساد کے علاوہ ڈاکٹروں اور عملہ نے شرکت کی۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































