باغ لنگم پلی اقلیتی گروکل اسکول میں فوڈ پوائزننگ واقعہ:وزیرِ اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی فوری کارروائی، سخت اقدامات
حیدرآباد:باغ لنگم پلی اقلیتی گروکل ریزیڈنشل اسکول میں پیش آئے فوڈ پوائزننگ کے افسوسناک واقعہ پر وزیرِ اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے فوری اور سخت کارروائی کرتے ہوئے حکومت کے طلبہ کی سلامتی اور جوابدہی کے عزم کو واضح کر دیا ہے۔وزیر محمد اظہرالدین نے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تفصیلی جانچ کا حکم دیا۔ جانچ رپورٹ کی بنیاد پر محکمہ اقلیتی بہبود نے ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی۔ اسکول کی پرنسپل ونی سری اور اسٹاف نرس شانتی کماری کو معطل کر دیا گیا، جبکہ ڈپٹی وارڈن سیدا یاسمین نشاد کی خدمات فوری طور پر ختم کر دی گئیں۔اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے حیدرآباد کے اقلیتی بہبود افسر محمد الیاس احمد نے بتایا کہ یہ اقدامات محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری بی شفیع اللہ کی نگرانی میں، وزیر کے احکامات پر مکمل جائزہ کے بعد کیے گئے ہیں۔یہ واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا جب اسکول کے 27 طلبہ رات کا کھانا کھانے کے بعد اچانک بیمار پڑ گئے۔ اسکول میں مجموعی طور پر 341 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ متاثرہ طلبہ کو شدید پیٹ درد، قے اور دست کی شکایات ہوئیں۔ ان میں سے 16 طلبہ کو کنگ کوٹی اسپتال جبکہ 11 طلبہ کو نیلوفر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کنگ کوٹی اسپتال سے ہفتہ کے روز 14 طلبہ کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی طلبہ کو احتیاطی طور پر زیرِ نگرانی رکھا گیا ہے اور آئندہ ایک دو دن میں انہیں بھی ڈسچارج کیے جانے کی توقع ہے۔محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام اقلیتی ریزیڈنشل اداروں میں نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور خوراک کی صفائی و معیار کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر محمد اظہرالدین نے دوٹوک انداز میں کہا کہ طلبہ کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی سطح پر غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اقلیتی بہبود کی جانب سے بروقت کارروائی اور سخت فیصلوں کو ریاست بھر میں اقلیتی تعلیمی اداروں میں جوابدہی کو مضبوط بنانے اور طلبہ کے تحفظ کے لیے ایک واضح پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































