ورنگل میں کرسمس تقاریب کا شاندار انعقاد، وزیر کونڈا سریکھا کی شرکت سے خوشیوں میں اضافہ
ورنگل۔/25 ڈسمبر (نامہ نگار)
کرسمس کے مقدس تہوار کے موقع پر ورنگل (مشرق) اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں — دیشائی پیٹ، منڈی بازار، لیبر کالونی، کرسچن کالونی، قلعہ ورنگل اور ناگمایا گوڑی میں قائم گرجا گھروں میں جمعرات کے روز ریاستی وزیر محترمہ کونڈا سریکھا نے خصوصی عبادات میں شرکت کی اور کیک کاٹ کر مسیحی برادری کے ساتھ خوشیوں میں شامل ہوئیں۔اس موقع پر محترمہ کونڈا سریکھا نے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس محبت، امن، رواداری اور انسانیت کے پیغام کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مذہب کا احترام کرنا تلنگانہ کی ثقافت کی پہچان ہے اور ہمیں چاہئے کہ ہم سب ایک دوسرے کے عقائد، رسم و رواج کا احترام کرتے ہوئے اتحاد و ہم آہنگی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ نے انسانیت کو امن، قربانی، اور خدمتِ خلق کا درس دیا، جس پر عمل کرکے ہی ہم ایک خوشحال اور پرامن سماج تشکیل دے سکتے ہیں۔اس موقع پر ورنگل شہر کی میئر گنڈو سدھا رانی، کارپوریٹرز سُریش جوشی، سری وسکولہ بابو، مسیحی مذہبی پیشوا، مقامی قائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھے۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































