گرام پنچایت انتخابات کو شفاف انداز میں مکمل کیا جائے :ورنگل کلکٹر ڈاکٹر ستیا شاردھا۔
ورنگل۔/13 ڈسمبر (نامہ نگار) ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیا شاردھا نے انتخابی عملے کو ہدایت دی ہے کہ اتوار کو منعقد ہونے والے گرام پنچایت انتخابات کے دوسرے مرحلے کو مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل کریں۔گرام پنچایت عام انتخابات 2025 کے سلسلے میں ہفتہ کے روز کلکٹر ڈاکٹر ستیا شاردھا نے گیس گونڈہ منڈل کے ضلع پریشد ہائی اسکول، سانگم منڈل مرکز کے ضلع پریشد ہائی اسکول، دُگگونڈی منڈل مرکز کے ضلع پریشد ہائی اسکول اور نلّہ بَلّی منڈل کے سومنگلی فنکشن ہال میں قائم پولنگ میٹریل ڈسٹری بیوشن مراکز کا معائنہ کیا۔اس موقع پر کلکٹر نے ہر کاؤنٹر کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے عملے سے بات چیت کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ انتخابی مواد کو چیک لسٹ کے مطابق باریکی سے جانچ لیا جائے اور اگر کسی قسم کی دشواری پیش آئے تو فوراً زونل یا روٹ افسر کو اطلاع دی جائے۔ ڈاکٹر شاردھا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کے ساتھ انتخابی عمل کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔انہوں نے پولنگ عملے کے لیے فراہم کردہ کھانے کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ کلکٹر نے رُوٹ، زونل اور نوڈل افسروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مسئلے کی فوری یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ پولنگ عملے کو مشورہ دیا گیا کہ وہ چیک لسٹ کے مطابق تمام مواد کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرلیں۔ اضافی سامان کی ضرورت پیش آنے پر متعلقہ آر۔او یا زونل افسر سے رابطہ کریں۔ڈاکٹر شاردھا نے بتایا کہ عملہ فارم 9 کے مطابق بیلٹ بکس کی جانچ لازمی طور پر کرے، جب کہ پولنگ اور گنتی کے بعد تمام سامان کو درست طور پر سیل کر کے جمع کرایا جائے۔ انتخابی عملے کے لیے ڈسٹری بیوشن مراکز میں خصوصی تربیت کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ ان کے تمام شبہات دور کیے جا سکیں اور عمل بہتر طریقے سے پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔اس موقع پر ضلع ایڈیشنل کلکٹر سندھیارانی، زیڈ پی سی ای او رام ریڈی، منڈل اسپیشل آفیسرز، ایم پی ڈی اوز، تحصیلدار اور دیگر انتخابی عملہ موجود تھے۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































