429 قبائلی بستیوں میں 700 کروڑ روپوں سے سڑکوں کی تعمیر: وزیر اڈلوری لکشمن
حیدرآباد | سکریٹریٹ
وزیر اڈلوری لکشمن نے اعلان کیا کہ تلنگانہ حکومت نے 429 قبائلی بستیوں میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے 700 کروڑ روپوں کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی تَنڈوں میں سڑکوں کی سہولتوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے سبب کئی اضلاع میں سڑکیں شدید طور پر متاثر ہوئیں۔ اس تناظر میں جی او 240 کے تحت فنڈز کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ ایس ٹی سب پلان کے ذریعہ آئی ٹی ڈی اے حدود میں آنے والے 236 دیہاتوں کے لیے بھی سڑکوں کی تعمیر کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ ان کاموں کے لیے بہت جلد ٹینڈرز طلب کیے جائیں گے۔
انہوں نے گذشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دس سالوں تک قبائلی تَنڈوں کو بالکل نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے فنڈز کی اجرائی پر وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، ڈپٹی وزیراعلیٰ بھٹی وکرم ارکا اور وزیر سیتکّا کا شکریہ ادا کیا۔
ایم ایل سی کویتا کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ انہوں نے بالواسطہ طور پر کالیشورم پراجیکٹ میں بدعنوانیوں کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ "ہم انتقامی سیاست نہیں کر رہے۔ ہمیں ہریش راؤ یا سنتوش راؤ کے پیچھے چھپنے کی ضرورت نہیں۔ کویتا کو چاہیے کہ وہ اپنے خاندانی جھگڑوں کو سلجھائیں، ہمیں ان میں گھسیٹنا درست نہیں۔”




English 

































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































