ہفتہ 21 رجب 1447هـ
#تلنگانہ

تلنگانہ میں تعلیم اولین ترجیح: وزیر اڈلوری لکشمن کمار

حیدرآباد، 2 ستمبر 2025 – تلنگانہ حکومت کے لیے تعلیم ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے، یہ بات ریاستی وزیر برائے ایس سی، ایس ٹی، اقلیتی بہبود، معذورین اور معمر شہریوں کی فلاح و بہبود اڈلوری لکشمن کمار نے کہی۔

منگل کے روز وزیر موصوف نے آصف نگر میں لڑکوں کے لیے تعمیر شدہ تلنگانہ اقلیتی رہائشی جونیئر کالج اور ہاسٹل کا افتتاح کیا، جو مرکزی وزارتِ اقلیتی امور اور تلنگانہ حکومت کے اشتراک سے 8.75 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ ادارہ 160 طلبہ کو جدید تعلیم اور قیام و طعام کی سہولت فراہم کرے گا۔

وزیر لکشمن کمار نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاست بھر میں اقلیتی رہائشی اسکولز، جونیئر کالجز اور ہاسٹلز تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔ اب تک 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی 20 فیصد کے لیے تقریباً 40 کروڑ روپے درکار ہیں، جس پر ریاستی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وزیر نے بتایا کہ انہوں نے اقلیتی بہبود کے سکریٹری بی. شفیع اللہ اور ٹی جی ایم آر ای آئی ایس کے چیئرمین فہیم قریشی کے ہمراہ اس مسئلے کو وزیراعلیٰ اور ڈپٹی وزرائے اعلیٰ کی توجہ میں لایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی 33 اضلاع میں "ینگ انڈیا” تصور کے تحت 200 کروڑ روپے کی لاگت سے ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی رہائشی اسکولوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ حکومت ایک جامع منصوبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے تاکہ ایک ہی کیمپس میں پرائمری سے ڈگری تک کی تعلیم فراہم کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کی ترقی کے لیے حکومت 1000 کروڑ روپے مختص کر رہی ہے، جو اس کے 100 سالہ سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور نوجوانوں کو نئی سمت دے گا۔

اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے وزیر نے اقلیتی رہائشی اسکولوں کے طلبہ کو دسویں جماعت میں 98 فیصد کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کھانے کے معیار کے حوالے سے شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے 7 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے تاکہ ایلومینیم کے برتنوں کی جگہ اسٹین لیس اسٹیل کے برتن فراہم کیے جائیں۔ یہی نظام جلد ہی اقلیتی رہائشی اسکولوں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ مزید برآں وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت ڈائٹ چارجز اور وظائف میں اضافہ کرنے کی پابند ہے، اگرچہ مالی دباؤ موجود ہے، لیکن اقلیتی طلبہ کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر نے کہا:
"تعلیم کو اولین ترجیح دے کر اور رہائشی اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو کارپوریٹ سطح کی سہولتوں سے آراستہ کر کے حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ تلنگانہ کے ہر طالب علم کا مستقبل روشن ہو۔ یہ ریاست کی نوجوان نسل کے لیے ایک نیا باب ہے۔”

اس موقع پر نامپلی کے رکن اسمبلی مجید حسین، ٹی جی ایم آر ای آئی ایس کے چیئرمین فہیم قریشی، اقلیتی بہبود کے سکریٹری بی. شفیع اللہ، ضلع کلکٹر حیدرآباد ہری چندنا داسری، آر ڈی او رام کرشنا، ڈپٹی سکریٹری زبیدہ، جی ایچ ایم سی کارپوریٹر جعفر خان، اقلیتی بہبود کے عہدیدار الیاس احمد، پرنسپلز، اساتذہ اور دیگر شریک ہوئے۔

تلنگانہ میں تعلیم اولین ترجیح: وزیر اڈلوری لکشمن کمار

غریب عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم

تلنگانہ میں تعلیم اولین ترجیح: وزیر اڈلوری لکشمن کمار

شری پونم اشوک گوڑ گارو کی سالگرہ

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے