ہفتہ 21 رجب 1447هـ
#تلنگانہ

دعوتِ دین کے ذریعہ اقامت ِ دین کی منزل حاصل ہوسکتی ہے

مسلمان خیرامت کاکردار اداکریں:محمدیوسف کنی سکریڑی جماعت کا خطاب
بیدر22 ڈسمبر(نامہ نگار)جناب محمد یوسف کنی، سیکریٹری حلقہ جماعتِ اسلامی کرناٹک نے بیدر میں ایک خصوصی خطاب کیا۔ اپنے اس خطاب میں انہوں نے کہا کہ”جماعتِ اسلامی ہندکا بنیادی مقصد اقامتِ دین ہے، اور اقامتِ دین کے لیے دعوتِ دین ناگزیر ہے۔ انہوں نے سابق امیرِ جماعت ونائب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ، جید عالم دین مولانا سید جلال الدین عمریؒ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دعوتِ دین، اقامتِ دین کی اولین سیڑھی ہے اور اس کے بغیر دین کا غلبہ ممکن نہیں۔انہوں نے دستورِ جماعت اسلامی کی روشنی میں فرد کے ارتقاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جماعت کا کام ارکان و کارکنان کے فکری، عملی اور اخلاقی ارتقاء سے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر انسان کے کل اور آج میں کوئی بہتری نہ آئے تو وہ دراصل پیچھے جا رہا ہے۔ انہوں نے تلقین کی کہ اگر فرد خود بدلے گا تو سماج بھی بدلے گا۔محترم محمد یوسف کنی نے مزید کہا کہ جماعتِ اسلامی کے اسلاف، بالخصوص سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ اور ملک کے ممتاز قائد ابواللیث اصلاحیؒ نے تحریکِ اسلامی کے لیے عظیم قربانیاں پیش کیں۔ اب موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مشن کو علمی، عملی اور فکری جدوجہد کے ذریعے آگے بڑھائے۔خطاب کے دوران تربیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے مطالعہ کو زندگی کی شناخت قرار دیا، نیز نمازوں کی پابندی، ذکر و اذکار، تلاوتِ قرآن، مریضوں کی عیادت، بزرگوں کی قدر، بچوں سے محبت اور دعاؤں کے اہتمام کو فرد کی تربیت اور ارتقاء کے لیے نہایت ضروری بتایا۔انہوں نے جماعت کے ارکان و کارکنان کے لیے چار لازمی کاموں کی نشاندہی کی(۱)دعوتِ اسلام کو کم از کم دس وطنی بھائیوں تک پہنچانا،(۲) ملت کے بیس افرادکو تحریکِ اسلامی سے علمی وعملی سطح پر وابستہ کرنا،(۳) سو افراد تک خدمتِ خلق انجام دینا، اور(۴) اپنی ذاتی تربیت پر مسلسل توجہ دینا۔جماعتِ اسلامی ہند، بیدر کا خصوصی اجتماع (مرد و خواتین) بتاریخ 21 دسمبر 2025 بروز اتوار، بمقام ڈیسنٹ فنکشن ہال بیدرکامیابی کے ساتھ منعقد ہوا جس میں مسلمانان بیدرنے جوش وخروش کے ساتھ شرکت کی۔اجتماع کا آغاز تذکیر بالقرآن سے ہوا، جو محترم محمد ظفراللہ خان، رکنِ جماعتِ اسلامی ہند بیدر نے سورہ ء صف کی آخری آیت سے پیش کیا۔ جس میں اللہ اور رسول نے اہل ایمان سے انصار اللہ بن کر اجتماعی طورپر اللہ کے دین کی نصرت کرنے کامطالبہ کیاہے۔ آخر میں محمد معظم، امیرمقامی جماعتِ اسلامی بیدر نے اختتامی کلمات پیش کرتے ہوئے سکریڑی حلقہ اور شرکاء کا استقبال کیا۔ جبکہ معاون امیرِ مقامی محمد عارف الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شکریہ کے کلمات ادا کیے۔بعدازاں جناب محمد یوسف کنی، سیکریٹری حلقہ جماعتِ اسلامی ہند کرناٹک نے جناب محمدیوسف رحیم (میرؔ) بیدری رکن جماعت اسلامی ہند اور رکن مجلس منتظمہ ادارہ ء ادبِ اسلامی ہند کرناٹک کے مکان پہنچ کر ان کی عیادت کی۔ ان کے تئیں نیک خواہشات کااظہار کیااور میرؔبیدری کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔اس بات کی اطلاع محمد صلاح الدین معاون امیرمقامی JIHبیدر کی پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے