کے جی بی وی، ماڈل اور ریزیڈینشل اسکولس میں کارپوریٹ سطح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی: وزیر دامودر راجنرسیمہا
سنگاریڈی، 6 ستمبر (پیٹریاٹک ویوز نیوز):
ریاستی وزیر برائے طب و صحت دامودر راجنرسیمہا نے اعلان کیا کہ کے جی بی وی، ماڈل اور ریزیڈینشل اسکولس میں زیر تعلیم طلبہ کو اب کارپوریٹ اسکولس کے مساوی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
وزیر موصوف نے ضلع سنگاریڈی کے ضلع پریشد دفتر میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا، جس میں سی ایس آر فنڈز کے ذریعہ ان اسکولوں میں فراہم کی جانے والی بنیادی سہولتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع میں سی ایس آر فنڈز کے تحت کئے جانے والے کاموں کی مکمل رپورٹ پیش کریں۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈیجیٹل کلاس رومس، کرسیاں، میزیں، جدید طرز کے کچن، کھیلوں کے سامان، ہاسٹل کا فرنیچر، بیڈ، پلیٹس اور کتب مہیا کئے جائیں گے تاکہ ہاسٹلز کے انتظام و انصرام کو بہتر بنایا جا سکے اور طلبہ کے تعلیمی ماحول کو مزید ترقی دی جا سکے۔
وزیر دامودر راجنرسیمہا نے زور دے کر کہا کہ ریاستی حکومت سرکاری اسکولوں کو کارپوریٹ سطح کی سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لیے کوشاں ہے اور تعلیمی و طبی شعبہ جات میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































