کانگریس کی سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ آئینی اقدار کا دفاع ہے : ڈاکٹر کوٹا نیلیما
حلقہ اسمبلی صنعت نگر کے بیگم پیٹ ڈیویژن میں کانگریس پارٹی کے یوم تاسیس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے حلقہ اسمبلی صنعت نگر کانگریس انچارج ڈاکٹر کوٹا نیلیما نے شرکت کرتے ہوئے پارٹی کا پرچم لہرایا۔
اس موقع پر نیلیما انہوں نے انڈین نیشنل کانگریس کے 140 سالہ طویل سفر، تاریخی کردار اور بنیادی نظریات کو یاد کرتے ہوئے ملک بھر کے کانگریس کارکنان کو مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے یومِ تاسیس پر ہر کانگریس کارکن کو دلی مبارک باد۔ انہوں نے آزادی کی جدوجہد میں حصہ لینے والے تمام عظیم مجاہدینِ آزادی اور قربانی دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جن کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں ہندوستان ایک آزاد ملک بنا اور آئین کی مضبوط بنیاد رکھی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس نے جمہوریت، سیکولرازم، سماجی انصاف اور مساوات جیسے اقدار کو مستحکم کرنے میں فیصلہ کن اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر کوٹا نیلیما نے کانگریس کو ایک مضبوط سیاسی جماعت اور ’ہندوستان کی روح کی آواز‘ بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ سماج کے کمزور، محروم اور محنت کش طبقات کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور مستقبل میں بھی ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری قوت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق کانگریس کی سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوامی مفاد، انصاف اور آئینی اقدار کا دفاع ہے۔
پروگرام میں کانگریس سینئر لیڈران وشال سدم، محمد نصیر، چرنجیوی، صدیق خان، ضمیر، تسلیم، بشرہ، کریم کے علاوہ دیگر لیڈران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































