عاقل حسامی اسکالرشپ و سرمائی ملبوسات تقسیماتی پروگرام
امیرِ ملتِ اسلامیہ مولانا جعفر پاشا صاحب حسامی کی صدارت میں منعقدہ باوقار تعلیمی و فلاحی تقریب
نظام آباد، 24/دسمبر( ندیم احمد- پیٹریاٹک ویوز): امارتِ ملتِ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام بدھ 24 دسمبر 2025 کو بعد نمازِ ظہر دو بجے دن، ماشاءاللہ گیسٹ ہاؤس، بودھن روڈ، نظام آباد میں عاقل حسامی اسکالرشپ اور سرمائی ملبوسات (جیکٹس) کی تقسیم کا ایک شاندار، بامقصد اور روح پرور پروگرام منعقد ہوا، جس نے سماج میں تعلیم کی اہمیت، خدمتِ خلق کے جذبے اور اسلامی اقدار کی عملی تصویر پیش کی، اس باوقار تقریب کی صدارت امیرِ ملتِ اسلامیہ مولانا جعفر پاشا صاحب حسامی، رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے فرمائی، جن کی قیادت میں یہ اجتماع علم، اخوت اور سماجی ذمہ داری کا پیغام بن کر ابھرا، تقریب میں ممتاز علماء، دانشوران اور سماجی شخصیات کی شرکت نے اس کے وقار میں مزید اضافہ کیا، مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے محمد علی شبیر، مشیر حکومتِ تلنگانہ اور بی مہیش کمار گوڑ، صدر ٹی پی سی سی نے شرکت کی اور اپنے خطابات میں تعلیم کو قوم کی تعمیر کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام نے علم کو فرض کا درجہ دیا ہے اور ایسے اسکالرشپ پروگرام مستحق طلبہ کے لیے امید کی کرن ہیں، اس موقع پر امارتِ ملتِ اسلامیہ تلنگانہ کے نائب امیر حافظ محمد لئیق خان بھی موجود رہے، ان کے ساتھ علماء، سماجی کارکنان اور نمائندگان نے بھرپور شرکت کی، مقررین نے کہا کہ عاقل حسامی اسکالرشپ صرف مالی امداد نہیں بلکہ ایک فکری تحریک ہے جو غریب، نادار اور باصلاحیت طلبہ کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے اور انہیں خود اعتمادی کے ساتھ مستقبل کی تعمیر پر آمادہ کرتی ہے، منتظمین کے مطابق اس پروگرام کا مقصد تعلیمی شعور کو عام کرنا، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور اسلامی تعلیمات کے مطابق علم کو زندگی کا محور بنانا ہے، تقریب میں بڑی تعداد میں طلبہ، والدین اور خیرخواہوں نے شرکت کی اور اس فلاحی و تعلیمی اقدام سے مستفید ہوئے، مجموعی طور پر یہ پروگرام نظام آباد کی سماجی تاریخ میں ایک مثبت، مؤثر اور قابلِ تقلید مثال بن کر سامنے آیا جس نے مستحق طلبہ اور نادار بچوں کے دلوں میں تعلیم کے ذریعے روشن مستقبل کا یقین پیدا کیا




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































