ابنائے قدیم سراج العلوم کا جلسہ اعتراف خدمات جلیلہ30 اساتذہ کو بیش قیمتی انعامات، 3 اساتذہ کو عمرہ کے ٹکٹ قرعہ اندازی کے ذریعے دیے گئے

حیدرآباد 13 جنوری (پٹریاٹک ویوز) مدرسہ اسلامیہ عربیہ سراج العلوم، حشمت پیٹھ، سکندرآباد، تلنگانہ کے ابنائے قدیم کی جانب سے جلسہ اعتراف خدمات جلیلہ بروز اتوار، 12 جنوری 2025 کو صبح 10 بجے تا نماز ظہر مدرسہ کی مسجد میں منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز قاری سفیان قاسمی کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، جبکہ مولانا اطہر حسامی اور حافظ غنی زکریا منیر صاحب نے نعت پیش کی۔
مولانا اسعد قاسمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مدرسہ کے بانیان خصوصاً پہلے ناظم حضرت مولانا عبد القیوم صاحب مظاہری رحمہ اللہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مفتی محمد عالم قاسمی نے اساتذہ کی خدمات پر ایک خصوصی نظم پیش کی۔
مدرسہ کے مؤقر اساتذہ، جن میں مولانا قطب الدین صاحب قاسمی، مفتی ولی اللہ صاحب قاسمی، مولانا اسجد صاحب قاسمی، مولانا ہدایت اللہ صاحب قاسمی اور حافظ ابصار صاحب شامل ہیں، نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس انوکھے پروگرام پر خوشی کا اظہار کیا۔
مہمان خصوصی مفسر قرآن حضرت مولانا غیاث احمد رشادی صاحب دامت برکاتہم نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اعزازات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مدلل خطاب کرتے ہوئے ابنائے قدیم کو مبارکباد پیش کی۔ مدرسہ کے منتظمین مولانا صابر صاحب قاسمی اور مولانا خالد القاسمی صاحب نے مختصر خطاب میں تمام مہمانوں اور خاص طور پر استقبالیہ کمیٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔
مدرسہ کے ناظم حافظ مرغوب عالم صاحب نے اگلے سال مدرسہ کے پچاس سالہ جشن زریں کا اعلان کیا۔
اس موقع پر مدرسہ کے تین اساتذہ کرام، جن کی 25 سالہ خدمات ہیں، کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کے لیے منتخب کیا گیا۔ عمرہ کے اخراجات درج ذیل افراد اور اداروں نے اسپانسر کیے:
- استقبالیہ کمیٹی۔
- مولانا عبد القادر قاسمی (نائس جوس سینٹر)۔
- تمام ابنائے قدیم۔
مدرسہ کے قدیم طلبہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مولانا مسرور احمد رشادی نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ مولانا عبید اللہ خان قاسمی نے شکریہ ادا کیا۔ حافظ شیخ یونس، حافظ اصغر، اور ان کے ساتھیوں نے انتظامات میں اہم کردار ادا کیا۔