عالمی یوم معذورین کے موقع پربی آر ایس قائد کویتا سے سمیکتا سنگم کے نمائندوں کی ملاقات

حیدرآباد 3 ڈسمبر (پٹریاٹک ویوز) رکن قانون سازکونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے معذورین کے ساتھ وعدہ خلافی پر کانگریس حکومت کو شدید ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کانگریس حکومت پر انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل اور معذورین کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا۔ عالمی یوم معذورین کے موقع پر تلنگانہ معذورین سمیکتا سنگم کے نمائندوں نے آج کے کویتا سے ان کی رہائش گاہ بنجارہ ہلز میں ملاقات کی۔ معذورین کے وفد کی سری لنگم پلی کے بی آر ایس لیڈر رویندر یادو نے قیادت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں معذورین کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ اقدامات روبہ عمل لائے گئے تھے۔

تاہم آج کانگریس حکومت میں معذورین کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے۔ ماقبل انتخابات معذورین سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں کانگریس پارٹی ناکام رہی ہے۔ کویتا نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں کے چندرشیکھر راﺅ کی قیادت میں متعدد اقدامات اور فلاحی اسکیمات کے ذریعہ معذورین کی زندگیوں میں خوشگوار اور مثبت تبدیلیاں لائی گئی تھیں۔ جب کہ کانگریس حکومت جھوٹے وعدوں کے ذریعہ معذورین کو گمراہ کررہی ہے۔
رکن قانون سازکونسل بی آر ایس نے کہا کہ قیام تلنگانہ کے وقت معذورین کو صرف 500 روپئے ماہانہ وظیفہ دیا جاتا تھا۔ سابق چیف منسٹر و بی آر ایس سربراہ نے معذورین کے وظیفہ کو بڑھا کر ماہانہ 4000 روپئے کیا۔ ملک بھرمیں ریاست تلنگانہ میں معذورین کا ماہانہ وظیفہ سب سے زیادہ رہا۔ کویتا نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں معذورین کو خودکفیل اور خودمکتفی بنانے کے لئے سبسیڈی پر قرضہ جات فراہم کئے گئے۔ معذورین کے فلاحی بجٹ کو چار گنا بڑھایا گیا۔ سنجیدہ اقدامات اور متعدد اسکیمات کے ذریعہ معذورین کی ترقی کے لئے نمایاں خدمات انجام دی گئیں۔ کویتا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ماقبل انتخابات معذورین کے وظیفہ کو بڑھاکر ماہانہ 6000 روپئے کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم اقتدار پر فائز ہوکر ایک سال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود کانگریس حکومت نے اپنے وعدہ کو پورا نہیں کیا۔

کویتا نے کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت نے The Rights of Persons with Disabilities (RPWD) Act, 2016 کے نفاذ میں غفلت اور تساہلی برتی جس کی وجہ سے معذورین تحفظات جیسے حقوق سے محروم رہے۔ تلنگانہ معذورین سمیکتا سنگم کے نمائندوں نے کے کویتا کو ایک یادداشت پیش کی جس میں خواہش کی گئی کہ معذورین کو ڈبل بیڈروم مکانات، سبسیڈی قرضہ جات اور وظیفہ میں اضافہ جیسے اہم مسائل پر کونسل میں آواز اٹھائی جائے۔