🇮🇳 “سی آر پی ایف – قومی سلامتی کی ریڑھ کی ہڈی اور خدمت کی علامت” : مرکزی وزیر بنڈی سنجے
مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) ملک کی داخلی سلامتی کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور بے لوث خدمت، قوم پرستی اور قربانی کی شاندار علامت ہے۔
منگل کو کرناٹک کے ضلع بیلگام میں کوبرا اسکول آف جنگل وار فیئر اینڈ ٹیکٹکس (CSJWT) میں نئی تعمیرات کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “ہندوستان کے عوام سکون کی نیند اسی لئے سوتے ہیں کیونکہ سی آر پی ایف کے جوان دن رات ڈیوٹی پر رہتے ہیں۔ ملک میں کہیں بھی انتخابات سی آر پی ایف کے بغیر ممکن نہیں۔ اسی لئے تمام ریاستیں سب سے پہلے سی آر پی ایف کو ترجیح دیتی ہیں۔”
انہوں نے کوبرا یونٹ کے نکسلیّت کے خاتمے میں نمایاں کردار کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں آئندہ مارچ تک نکسلیّت کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔
وزیر موصوف نے 36 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ جدید سہولیات کا افتتاح کیا جن میں ٹریننگ اور اے وی ہال، ایس اوز میس، 180 جوانوں کے لیے بیرکس، جدید سیمینار ہال، آڈیٹوریم، آئی ای ڈی ماڈل روم، سینڈ ماڈل روم اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف نہ صرف انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بلکہ قدرتی آفات میں بھی ہمیشہ سب سے آگے رہتی ہے۔ نکسلیّت سے متاثرہ علاقے آج ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور یہ سب سی آر پی ایف کے جوانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ “مودی حکومت اپنے ان جوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے جو ملک کے لئے اپنی زندگیاں قربان کرتے ہیں۔ ہر شہری کو اپنے دل میں ‘سب سے پہلے قوم’ کا عہد رکھنا چاہیے۔”
تقریب میں بیلگام ساوتھ کے ایم ایل اے اور بی جے پی تلنگانہ انچارج ابھے پاٹل، ایم ایل اے وِتھل ہلاگےکر، سی آر پی ایف ساوتھ زون اے ڈی جی روی دیپ ساہی، کے کے سیکٹر آئی جی ڈاکٹر وپل کمار، ڈی آئی جی سُبّھاش چندر، کلکٹر، سی ای او، ڈی ایف او اور دیگر اعلیٰ عہدیداران شریک ہوئے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































