بانسواڑہ میں بی آر ایس کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مقامی قائدین کی کے ٹی آر سے ملاقات
حیدرآباد: بانسواڑہ حلقہ کے سینئر قائدین نے آج حیدرآباد میں بھارت ریاست سمیتی (بی آر ایس) کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کو مزید مستحکم بنانے اور آئندہ بلدی اداروں کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے لائحہ عمل پر غور کیا۔
قائدین نے اس موقع پر کہا کہ سابق اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے ذاتی مفادات کی خاطر پارٹی کو چھوڑ دیا ہے اور وہ اب حلقہ میں تنہا رہ گئے ہیں، جبکہ بی آر ایس آج بھی ہر گاؤں میں مضبوطی سے قائم ہے جس کا سہرا پارٹی کارکنوں کی انتھک محنت کو جاتا ہے۔
کاماریڈی ضلع ریتو بندھو سمیتی کے سابق صدر انجریڈی اور بانسواڑہ زیڈ پی ٹی سی سمیت کئی سینئر قائدین نے کے ٹی آر کو مقامی سیاسی صورتحال سے واقف کروایا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 20 ماہ سے پارٹی کی ہر سرگرمی بانسواڑہ میں کامیابی سے جاری ہے اور عوام نے گلابی جھنڈے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
کے ٹی آر نے مقامی قائدین کو ہدایت دی کہ پارٹی کو تنظیمی طور پر مزید مضبوط بنایا جائے اور آنے والے بلدی اداروں کے انتخابات میں متحد ہو کر کام کرتے ہوئے بی آر ایس کو شاندار کامیابی دلائی جائے۔
انجریڈی اور دیگر سینئر قائدین نے یقین دلایا کہ پارٹی نے ان پر جو بھروسہ کیا ہے اس پر پورا اترتے ہوئے وہ آئندہ انتخابات میں کامیابی یقینی بنائیں گے۔
اس اجلاس میں سابق وزیر پرشانت ریڈی، انجریڈی، سینئر قائدین زبیر، ناینی پدما اور بانسواڑہ کے کئی دیگر بی آر ایس قائدین شریک تھے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































