ریاستی حکومت عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے: وزیر ایڈلوری لکشمن کمار
ورنگل، 24 اگست (نامہ نگار):
ریاستی وزیر برائے ایس سی، ایس ٹی، اقلیتی فلاح و بہبود، معذورین، معمر شہریوں اور ٹرانس جینڈر امور مسٹر ایڈلوری لکشمن کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنا رہی ہے، خصوصاً اقلیتی، قبائلی اور دلت طبقات کے تعلیمی اداروں میں معیاری سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر موصوف نے ہنمکنڈہ کے دورے کے موقع پر ضلع کلکٹر ہنمکنڈہ محترمہ سنیہا شبریش، ضلع کلکٹر ورنگل ڈاکٹر ستیہ شاردا اور مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ریاستی سطح پر چلنے والے اقامتی اور سرکاری گُرکُل اسکولوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کلکٹروں نے وزیر کو اسکولوں اور کالجوں میں بنیادی سہولتوں، تدریسی معیار اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی گُرکُل اور اقامتی تعلیمی اداروں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے کثیر رقومات مختص کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے ہدایت دی کہ طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے، ہاسٹل کی سہولتوں اور تدریسی معیار میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ ہر اقامتی اسکول میں نصب شکایتی ڈبوں کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے اور طلبہ کی شکایات کا فوری تدارک یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائینی راجیندر ریڈی، رکن اسمبلی وردھناپیٹ کے آر ناگا راجو، ضلع ہنمکنڈہ کے ایڈیشنل کلکٹر وینکٹ ریڈی، آر ڈی او راٹھوڑ رمیش اور دیگر ضلعی تعلیمی عہدیدار شریک تھے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































