قاضی پیٹ میں حضرت سید شاہ افضل بیابانیؒ کا عرس شریف٬ اتحاد کانفرنس کا انعقاد
ورنگل- 21/ اگست
( نامہ نگار )
قاضی پیٹ میں حضرت سید شاہ افضل بیابانی الرفاعیؒ کا سالانہ عرس شریف نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر درگاہ شریف کے سجادہ نشین حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ صاحب نے بتایا کہ آج بعد نماز مغرب اتحاد کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے، جس میں مختلف مذاہب کے مذہبی پیشوا، علماء، دانشور اور ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کا مقصد باہمی رواداری، ہم آہنگی اور صوفی ازم پیغامِ انسانیت کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 اگست کی رات جلسہ عظمتِ اولیاء اللہ ہوگا، جس میں بطور مہمان خصوصی خطیب الہند مولانا احمد نقشبندی صاحب حیدرآباد خصوصی خطاب فرمائیں گے٬ 23 اگست کو قرآن خوانی، ذکر و اذکار اور رفاعی فقراء کے روحانی مظاہرے پیش کیے جائیں گے۔ قاضی پیٹ کی درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانیؒ برصغیر کی اُن بزرگ خانقاہی مراکز میں سے ایک مرکز ہے جو برسوں سے عقیدت مندوں کے لئے ایمان، اتحاد اور محبت کی علامت بنی ہوئی ہے۔ حضرت افضل بیابانیؒ سلسلہ رفاعیہ کے اجل مشائخ میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کو دین، تصوف اور انسان دوستی کے لئے وقف کیا ہے۔ ان کی درگاہ شریف آج بھی ہزاروں زائرین کے لئے مرکزِ سکون اور فیضانِ روحانیات ہے۔ عرس شریف کے موقع پر شہر اور اطراف سے زائرین کی کثیر تعداد درگاہ شریف قاضی پیٹ پہونچ رہی ہے، جہاں صوفی محافل اور دعاؤں کی گونج روحانی فضاء کو مزید پرنور بنا رہی ہے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































