گروکل ہاسٹل میں بہتر سہولتیں فراہم کی جانی چاہیے: ہنمکنڈہ ضلع کلکٹر سنیہا شبرش
ہنمکنڈہ: ضلع کلکٹر سنیہا شبرش نے کہا کہ گروکل ہاسٹل میں بہتر سہولتیں فراہم کی جانی چاہیے اور طلباء کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ بروز جمعرات ضلع کلکٹر نے مڑی کنڈہ قاضی پیٹ منڈل میں تلنگانہ اسٹیٹ سوشل ویلفیئر بوائز گروکل اسکول اینڈ کالج کا معائینہ کیا۔ اس موقع پر کلکٹر نے ہاسٹل میں ڈائننگ ہال٬ احاطے٬ اسٹور روم اور کلاس رومز کا تفصیلی معائینہ کیا اور ہاسٹل کے انتظامات سے متعلق مختلف ریکارڈز کا مشاہدہ کیا۔ کلکٹر نے باورچی خانے میں سبزیوں٬ دالوں٬ پکوان کے تیل اور دیگر ضروری اشیاء کا بھی معائینہ کیا اور ان سے کہا کہ وہ کھانا پکانے میں تازہ سبزیاں اور معیاری کھانا پکانے والے اجزا کا استعمال کریں۔ کھانے اور دھونے کی جگہوں کو ہر وقت صاف ستھرا رکھیں۔ کلکٹر نے کلاس رومز کا معائینہ کیا اور انہوں نے انٹرمیڈیٹ ایم پی سی اور بائ پی سی کے طلباء سے گفتگو کی اور طلباء سے کہا کہ وہ ایمسیٹ اور نیٹ جیسے مسابقتی امتحانات میں بہترین نتائج حاصل کریں۔ کئی طلباء نے کلکٹر کو توجہ دلائی کہ انہیں مسابقتی امتحانات کی تیاری کیلئے کتابیں فراہم کی جائیں جس پر کلکٹر نے تیقن دیا کہ انہیں مسابقتی امتحانات کی تیاری کیلئے کتابیں فراہم کی جائیں گے۔ اسی طرح کلکٹر نے آرٹ روم میں طلباء کی جانب سے کی گئی پینٹنگز کا مشاہدہ کرتے ہوے طلباء کی ستائش کی اور خوشی کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر داساری اوما مہیشوری٬ قاضی پیٹ تحصیلدار بھاو سنگھ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی




English 
























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































