کویتا کا سنگارینی کوئلہ کان کارکنوں کے نام خط – ’’میں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہوں گی‘‘
حیدرآباد – بی آر ایس قائد اور سابق ایم ایل سی محترمہ کے۔ کویتا نے تلنگانہ کے چار اضلاع میں واقع سنگارینی کوئلہ کان کارکنوں کے نام ایک جذباتی خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے گذشتہ دس برسوں تک تلنگانہ بوگگو گھنی کارکن سنگھم (TBGKS) کی اعزازی صدرہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے موقع کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 2015 میں کھمم ضلع کوٹھا گوڑم میں منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں 11 علاقوں سے ایک ہزار سے زائد کارکنوں کی موجودگی میں انہیں متفقہ طور پر اعزازی صدر منتخب کیا گیا تھا۔ اس دہائی کے دوران انہوں نے ہر کارکن خاندان کی بہن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور کئی فلاحی اقدامات عمل میں لائے۔
محترمہ کویتا نے اپنی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی کاوشوں سے انحصاری ملازمتوں (Dependent Jobs) کو دوبارہ بحال کیا گیا، جس کے نتیجہ میں 19,463 نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم ہوئیں۔ ریاست کی تشکیل کے بعد سنگارینی کارکنوں کو تلنگانہ انکریمنٹ دیا گیا، دس لاکھ روپے سے زائد ہاؤسنگ لون پر سود کی ادائیگی حکومت نے سنبھالی، کوارٹرس میں مفت برقی اور اے سی سہولت فراہم کی گئی اور میچنگ گرانٹ کو دس گنا بڑھایا گیا۔
اسی طرح کارکنوں کے بچوں کے لیے آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم جیسی اداروں میں داخلہ لینے پر فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم فراہم کی گئی، ڈاکٹر بی۔آر۔امبیڈکر جینتی کو مکمل تنخواہ کے ساتھ سرکاری تعطیل قرار دیا گیا، سنکرانتی، رمضان اور کرسمس پر اختیاری تعطیلات دی گئیں، جبکہ کارپوریٹ میڈیکل سہولت کارکنوں کے والدین تک بڑھائی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی سازشوں کے تحت ان کی اعزازی صدرہ کی حیثیت ختم کی گئی تاکہ کارکنوں کی یکجہتی کو کمزور کیا جائے۔ تاہم انہوں نے اعلان کیا کہ ’’میں صدرہ رہوں یا نہ رہوں، میں ہمیشہ ہر کارکن خاندان کے ساتھ رہوں گی۔ گذشتہ دس برس کی طرح مستقبل میں بھی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گی۔‘‘
محترمہ کویتا نے ٹی بی جے کے ایس کے نئے اعزازی صدر کی حیثیت سے وزیر کوپپلا ایشور کو مبارکباد دی لیکن اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ یہ انتخاب پارٹی دفتر میں عمل میں آیا جو مزدور قوانین کے مغائر ہے اور سیاسی دباؤ کا نتیجہ محسوس ہوتا ہے




English 




































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































