حیدرآباد میں گنیش اتسو 2025 کی تیاریوں پر وزیر پونم پربھاکر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)
ایم سی آر ایچ آر ڈی میں منعقدہ گنیش اتسو 2025 کی تیاریوں کے سلسلہ میں وزیر پونم پربھاکر نے اجلاس کی صدارت کی، جس میں بھاگیا نگر اتسو کمیٹی، خیرت آباد کے اراکین بھی شریک ہوئے۔ وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی گنیش اتسو اور نمرجن تقاریب کے انتظامات تین مراحل میں مکمل طور پر جائزہ لے کر انجام دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس بار بہتر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ امن و امان اور ٹریفک کے مسائل پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ حیدرآباد کے برانڈ امیج کو برقرار رکھتے ہوئے یہ تقاریب پرامن انداز میں منعقد ہوں۔
وزیر نے مزید کہا کہ بارش کے باعث بعض سڑکوں پر مسائل پیدا ہوئے ہیں جنہیں تہوار سے قبل درست حالت میں لایا جائے گا۔ محکمہ اطلاعات، اوقاف اور ثقافتی شعبہ کو بہتر پروگرام کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ واٹر ورکس، آر اینڈ بی اور جی ایچ ایم سی کو صفائی ستھرائی اور دیگر سہولتوں کے لیے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ صرف حکومت یا پنڈال کمیٹیوں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ سب کو مل کر ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ تین کمشنریٹ کے حدود میں تقریباً ایک لاکھ وگراہ نصب کیے جائیں گے جن میں سے صرف حیدرآباد شہر سے 50 ہزار اور ٹینک بنڈ پر تقریباً 70 ہزار وگراہ آئیں گے۔
وزیر نے تاکید کی کہ نمرجن کے دوران کرینوں کا اضافہ کیا جائے اور رکاوٹوں کے بغیر ٹرانسپورٹ کی سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی محکمہ کی کوتاہی پر متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا۔ تینوں کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ زیریں سطح کے عہدیداروں کے ساتھ مسلسل جائزہ لیتے رہیں تاکہ ٹریفک مسائل پیدا نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے وقت سڑکوں پر پانی جمع نہ ہونے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں، ساتھ ہی نمرجن کے دوران موسمی امراض اور صحت کے مسائل سے بچاؤ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر نے بتایا کہ آر ٹی سی کی جانب سے مفت بسیں فراہم کی جائیں گی، لہٰذا عوام کی بڑی تعداد کے شرکت کرنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وگراہ لانے، نو دن کی پوجا اور نمرجن کے تینوں مراحل میں جامع تیاری کی جارہی ہے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































