کسی وقت، مہینے یا دن میں نحوست نہیں ،توہمات سے بچیں : مولانا محمدریاض احمد قادری حسامی
حیدرآباد(راست)ماہِ صفر کے بارے میںمعاشرے میں بہت ساری غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ حضر ت محمد صلعم ن فرمایانہ کوئی بیماری متعدی ہوتی ہے، نہ شگون لینا جائز ہے، نہ اُلو کا اثر ہوتا ہے، نہ (ماہِ) صفر منحوس ہے۔ اور اسی طرح شگون لینا (یعنی نحوست سمجھنا) شرک کے قریب عمل ہے۔مولانا نے ماہ صفر کو منحوس سمجھنے کے کچھ تاریخی پس منظرپر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ زمانہ جاہلیت میں عرب لوگ ماہِ محرم میں جنگ کو حرام سمجھتے تھے۔
جیسے ہی محرم ختم ہوتا اور ماہِ صفر آتا، وہ خون ریزی، جنگیں، اور حملے شروع کر دیتے۔ اس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ ’’صفر کا مہینہ خطرناک ہے‘‘۔کچھ ضعیف یا من گھڑت روایتوں کو بنیاد بنا کر یہ عقیدہ بنایا گیا کہ اس مہینے میں بلائیں اُترتی ہیں یا اموات زیادہ ہوتی ہیں۔عوامی طور پر شادی بیاہ نہ کرنا، نئے کاروبار کا آغاز نہ کرنا، نئے مکان میں داخلہ نہ لینا جیسی باتیں رائج ہو گئیں، جو خرافات اور جہالت پر مبنی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مولانا محمدریاض احمد قادری حسامی (ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما )نے مسجد محمودہ، شاسترہ پورم میں نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں کیا ۔
انہوں نے ماہ صفر میں ہونے والے خرافات جیسے شادی بیاہ کو ملتوی کرنا کو غیردرست قرار دیا اور کہا کہ رسول اللہ صلعم کی بیٹی حضرت فاطمہؓ کی شادی ماہ صفر میں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ چالیس بلائیں نازل ہوتی ہیں ،اس کا کوئی ثبوت قرآن و حدیث میںنہیں ہے۔ ۔لوگ تعویذ گنڈوں، وظائف اور مخصوص حرکات کے ذریعے بلائوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں یہ کھلی گمراہی ہے۔بدفالی لیناجیسے اگر ماہِ صفر میں کسی کا انتقال ہو جائے تو اسے منحوس تصور کیا جاتا ہے۔یہ ساری خرافات ہیں انکا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
مولانا حسامی نے کہا کہ ہر دن اللہ کا پیدا کردہ ہے اور انسان کے عمل سے اس کی برکت یا نحوست طے ہوتی ہے۔رسول صلعم نے ماہِ صفر میں کئی غزوات کیے، جیسے غزوہ خیبر (7ھ)، غزوہ ابواء، غزوہ بحران، وغیرہ۔اگر صفر واقعی منحوس ہوتا، تو آپ صلعم کبھی جنگ یا اہم کام کا آغاز نہ فرماتے۔آخر میں مولانا نے کہا کہ صفر میں نکاح، تجارت، سفر سب کچھ جائز اور بابرکت ہے۔اپنے گھر والوں کو بھی یہ بات سمجھائیں کہ ہر دن اللہ کے ہاتھ میں ہے، انسان کا عمل اہم ہے۔ان کے اچھے برے اعمال ہی کا اثر انسان کی زندگی میں ہوتا ہے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































