جمعیت العلماء کی ممبرسازی مہم کو مؤثر بنانے پر زور — مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم میں اہم اجلاس
حیدرآباد: مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم و ریاض اسلامک اسکول، باقی مصطفیٰ نگر، فلک نما، حیدرآباد میں جمعیت العلماء حلقہ بہادر پورہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت حضرت مولانا مصدق القاسمی صاحب دامت برکاتهم، صدر جمعیت العلماء گریٹر حیدرآباد نے فرمائی۔
اس موقع پر اپنے پُرمغز خطاب میں حضرت مولانا مصدق القاسمی صاحب دامت برکاتهم نے جمعیت العلماء ہند کی تاریخی خدمات، ملی قیادت اور ملک و ملت کے تحفظ میں اس کے لازوال کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت العلماء ایک باوقار، غیر سیاسی، اور خالص دینی و ملی تنظیم ہے، جو نہ صرف مدارس، مساجد اور علمائے کرام کے وقار کی پاسبانی کر رہی ہے بلکہ ملک کے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ، مظلوموں کی داد رسی، فرقہ پرستی کے خلاف آواز بلند کرنے اور ملت اسلامیہ ہندیہ کی اجتماعی رہنمائی میں بھی ہمیشہ صفِ اول میں رہی ہے۔
مولانا نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم جمعیت العلماء سے منسلک ہوکر اس کے پیغام کو ہر گاؤں، ہر محلے اور ہر مسجد تک پہنچائیں۔ خاص طور پر جاری “ممبرسازی مہم” میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا وقت کی اہم ترین دینی اور ملی ضرورت ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہر کارکن، ہر ذمے دار، اور ہر عالم اپنے اپنے دائرے میں ممبران کی فہرست مکمل کرے تاکہ تنظیم کی جڑیں عوام میں مزید مضبوط ہوں اور ملت کے اجتماعی پلیٹ فارم کو قوت حاصل ہو
ادارے کے بانی حضرت مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی صاحب اور ناظم مدرسہ مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی صاحب نے اس موقع پر مولانا مصدق القاسمی صاحب کی شال پوشی کی اور انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید اور مبارکباد پیش کی۔
بعد ازاں مولانا مصدق القاسمی صاحب نے مدرسہ کا تفصیلی معائنہ کیا، طلباء سے ملاقات کی اور اساتذہ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
اس موقع پر مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم کے ناظم تعلیمات مولانا محمد مجیب الرحمن صاحب بھی موجود تھے، جو تصویر میں دیکھے جا سکتے ہیں۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































