بدھ 12 صفر 1447هـ
#تلنگانہ

مدرسہ پر حملہ غلط فہمی کی بنیاد پر، شیو مورتی کو بندروں نے گرایا تھا: آئی جی پی وی ستیہ نارائنا کی پریس میٹ

سنگاریڈی، 23 اپریل 2025: پٹریاٹک ویوز
زون-ٹو کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سری پی. ستیہ ناراینا، آئی پی ایس، نے ضلع پولیس دفتر سنگاریڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دینے والے بیانات یا سوشل میڈیا پوسٹس کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بیان جِنّرم منڈل میں 22 اپریل کی شام پیش آنے والے واقعہ کے بعد سامنے آیا، جہاں ایک زیر تعمیر مندر کے باہر رکھی گئی شیو مورتی کو نقصان پہنچا پایا گیا۔

آئی جی پی نے بتایا کہ اعلیٰ ضلع حکام کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ 19 اپریل کو شام 5:24 بجے کے قریب بندروں کے ایک گروہ نے مندر کے احاطے میں داخل ہوکر مورتی کو مٹی کے ٹیلے سے دھکا دے دیا، جس کے باعث وہ نیچے گر کر ٹوٹ گئی۔

تاہم، 22 اپریل کو کچھ مقامی افراد نے جب قریبی مدرسہ کے طلبہ کو کھیل کر واپس آتے دیکھا تو ان سے سوالات کیے، اور پھر بغیر کسی تحقیق کے یہ سمجھا کہ انہی بچوں نے مورتی کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس غلط فہمی کی بنیاد پر کچھ افراد نے مدرسہ پر حملہ کرتے ہوئے اس کی املاک کو نقصان پہنچایا۔

آئی جی پی نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حقائق جانے بغیر افواہیں پھیلانا یا اشتعال انگیز بیانات دینا ناقابل برداشت ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید یاد دلایا کہ تقریباً چھ ماہ قبل سداشیوپیٹ میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں گائے نے مندر کو نقصان پہنچایا، لیکن افواہوں کی بنیاد پر کشیدگی پھیل گئی۔ تاہم، تحقیقات کے بعد سچائی سامنے آ گئی تھی۔

آئی جی پی نے عوام سے پرامن ماحول برقرار رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنے کی اپیل کی، اور کہا کہ ایسے واقعات کی صورت میں فوراً قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی جائے، خود قانون ہاتھ میں نہ لیا جائے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پوسٹ کرنے والوں کو خبردار کیا کہ ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

اس پریس کانفرنس میں ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سری پارتوش پنکج، آئی پی ایس، ویکارآباد کے ایس پی سری ناراینا ریڈی، آئی پی ایس، اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

مدرسہ پر حملہ غلط فہمی کی بنیاد پر، شیو مورتی کو بندروں نے گرایا تھا: آئی جی پی وی ستیہ نارائنا کی پریس میٹ

23 ایپریل 2025

مدرسہ پر حملہ غلط فہمی کی بنیاد پر، شیو مورتی کو بندروں نے گرایا تھا: آئی جی پی وی ستیہ نارائنا کی پریس میٹ

25 اپریل 2025 اردو پیپر

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے