انمولا انٹلیجنس عوام کو گمراہ اور ریاست کو نقصان پہنچا رہی ہے: کے کویتا کی تنقید

جیوتی راؤ پھولے کے مجسمہ کی اسمبلی میں تنصیب کا مطالبہ، بی سی طبقات کے تحفظات پر وضاحت طلب
حیدرآباد، 8 اپریل (پٹریاٹک ویوز):
بی آر ایس لیڈر و رکن قانون ساز کونسل اور تلنگانہ جاگروتی کی صدر محترمہ کلواکنٹلہ کویتا نے آج اندرا پارک، دھرنا چوک پر ایک روزہ بھوک ہڑتال منظم کی۔ ان کا یہ احتجاج عظیم سماجی مصلح جیوتی راؤ پھولے کا مجسمہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطے میں نصب کرنے کے مطالبہ پر مبنی تھا۔
کویتا نے کہا کہ جیوتی راؤ پھولے وہ شخصیت ہیں جنہوں نے پسماندہ طبقات، خواتین اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی جدوجہد کی۔ "ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے بھی جیوتی راؤ پھولے کو اپنا ‘گرو’ تسلیم کیا تھا۔ ایسے عظیم مصلح کا مجسمہ اسمبلی میں نصب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،” کویتا نے کہا۔
کویتا نے ریاستی حکومت، بالخصوص وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ "AI کا مطلب آرٹیفیشل انٹلیجنس نہیں بلکہ ‘Anumula Intelligence’ ہے، جو ریاست کو نقصان پہنچا رہی ہے۔”
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ‘انمولا انٹلیجنس’ عوام کو گمراہ کر رہی ہے، طلبہ کی آواز کو دبا رہی ہے، اور بی سی طبقات کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ کویتا نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کی اراضی کے مسئلے پر بھی شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔
کویتا نے بی سی طبقات کے لیے اسمبلی میں منظور شدہ تحفظات سے متعلق بلس کی پیشرفت پر سوال اٹھاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وضاحت کرے کہ اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت کو سخت پیغام دینا وقت کی ضرورت ہے۔
کویتا نے کہا کہ اگر حکومت ان مطالبات کو نظرانداز کرتی ہے تو بی آر ایس اور دیگر سماجی تنظیمیں اپنے احتجاج کو مزید تیز کریں گی۔ "ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، سماجی انصاف کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی،” انہوں نے واضح کیا۔