اے کیو ماڈل اسکول کی سالانہ تقریب، طلبہ کی تعلیمی و ہم نصابی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

حیدرآباد، 8 فروری (پٹریاٹک ویوز) – دینی و عصری تعلیمی ادارہ اے کیو ماڈل اسکول، آصف نگر کی سالانہ تقریب باوقار انداز میں کے ایچ کے فنکشن ہال، صابر نگر، آصف نگر، جھرہ، حیدرآباد میں شام 4 بجے منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مختلف مذہبی و سیاسی قائدین نے شرکت کی اور خطاب کیا۔
تقریب کا مقصد طلبہ کی علمی، تخلیقی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی تھا۔ اس موقع پر طلبہ نے مختلف تعلیمی و ثقافتی پروگراموں میں حصہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے اولیائے طلبہ اور مہمانانِ گرامی نے بے حد سراہا جبکہ اس تقریب میں تقریباً 80سے زائد طلباء وطالبات نے مختلف پروگرامس میں لیا۔
اے کیو ماڈل اسکول کے پرنسپل، جناب سید عبدالماجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ دن طلبہ کی محنت، اساتذہ کی کاوشوں اور ادارے کی کامیابیوں کا اعتراف کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے اسکول کی تعلیمی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ادارے کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
مفتی نعیم الدین قاسمی، پرنسپل الامین ماڈل اسکول، نے اپنے خطاب میں تعلیم و تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور والدین کو بچوں کی تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
اسی طرح، مفتی اجمل بیگ قاسمی، شیخ الحدیث مدرسہ امجد العلوم و قمر البنات، نے دینی اور عصری تعلیم کی اہمیت پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے والدین کو ترغیب دی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے اداروں میں تعلیم دلوائیں جو دینی و عصری تعلیم کا حسین امتزاج پیش کرتے ہیں، اور AQ MODEL SCHOOL جیسے اداروں سے بھرپور استفادہ کریں۔
انہوں نے تقریب میں شریک طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی محنت کو سراہا اور اسکول انتظامیہ کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
یہ تقریب علمی، تربیتی اور فکری لحاظ سے انتہائی کامیاب رہی، جس نے طلبہ، والدین اور اساتذہ میں نیا جوش و ولولہ پیدا کیا۔