مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم کا29سالہ جشن وجلسہ دستاربندی حفاظ کرام

حیدرآباد 23جنوری (پٹریاٹک ویوز) مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم کا29واں جشن جلسہ دستار بندی حفاظ کرام یکم فروری، 2025،بروز ہفتہ ،صبح9بجے ،بمقام مسجد انوار مدینہ احاطہ مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم ،مصطفی نگر فلک نما میں منعقدہے۔اس سلسلے میں مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم میں پریس کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا جس سےداعی جلسہ مولانا محمد ریاض احمدقادری حسامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1996 میں مولانا حمیدالدین حسامی عاقلؒ کی سرپرستی میں ادارہ قائم کیا گیا ہے جس میں تقریباً 150طلباء وطالبات نے حفظ قرآن مجید کےساتھ علوم عصریہ (ایس ایس سی) تک کی کی تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے جلسہ کی تفصیلات بتاتےہوئے کہا کہ مولانا محمدحسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ(جانشین مولانا حمیدالدین حسامی عاقلؒ و امیر امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ وآندھراپردیش) اس جلسہ کی صدارت کریں گے۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹراسدالدین اویسی(صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین)‘محمد مبین رکن اسمبلی حلقہ بہادرپورہ‘ مجلسی کارپوریٹرس عبدالحنان ‘ و محمد سلیم شرکت کریں گے۔
مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی( بانی مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم) جلسہ کی نگرانی کریں گے۔ مولانا مفتی عامررحمانی قاسمی( دارالعلوم رحمانیہ) کا خصوصی خطاب ہوگا۔اور تکمیل حفظ قرآن مجید کے فرائض مولانا محمدارشاد احمد باقوی صاحب (خطیب مسجد سرورکونین ﷺ)انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ دیگرمہمان مقررین میں مولانا مفتی احمدمزمل راہی (فرزند مولانا ذکی الدین راہی حسامی ؒ)اورمولانا عمیراحمد حسامی(استاذ حدیث جامعہ اسلامیہ ضیاء العلوم) شامل ہیں ۔
اس موقع پر دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم( ایس ایس سی، انٹروڈگری) میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کواعزازیہ اسنادات دیئے جائیں گے۔ خواتین کیلئے پردہ کااہتمام رہے گا۔اس موقع پر مولانا محمدقطب الدین رحمانی(صدر مدرسہ) ‘ مولانا محمد مجیب الرحمن(ناظم تعلیمات) بھی موجود تھے۔