حیدرآباد میں ٹمریز کی بالغ لڑکیوں کے لئے "بڑھتے قدم” پروگرام کا آغاز


حیدرآباد، 27 نومبر (پریس نوٹ) – حیدرآباد شہر کے بنڈلا گوڑہ میں تلنگانہ مائنارٹی ریسڈینشل ایجوکیشنل سوسائٹی (ٹمریز) کے اسکول احاطے میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ناری ویمن ویلننس انیشیٹو حیدرآباد کی جانب سے ٹمریز اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے مرکز برائے مطالعات نسواں کے اشتراک سے ٹمریز میں زیر تعلیم بالغ لڑکیوں کے لئے "بڑھتے قدم” نامی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام کی عمل آوری میں ڈوپونٹ (Du Pont) اپنے سی ایس آر کے تحت تعاون کر رہا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد بالغ لڑکیوں کو ماہواری صحت کے نظام، ڈیجیٹل خواندگی، قیادت کی ترقی اور کھیل کے ذریعے انہیں بااختیار اور خودمختار بنانا ہے۔ "بڑھتے قدم” پروگرام بالغ لڑکیوں کو اہم مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ زندگی کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کر سکیں۔
اس پروگرام کے تحت لڑکیوں کو ایم ایچ ایم (Menstrual Health Management) کے تحت یہ سکھایا جائے گا کہ وہ اپنے ماہواری کے نظام کا انتظام عزت و احترام کے ساتھ کریں۔ ڈیجیٹل خواندگی کے تحت لڑکیوں کو محفوظ اور موثر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال سکھایا جائے گا۔ قیادت کی ترقی (Leadership Development) کے تحت ان میں خوداعتمادی اور فیصلہ سازی کی مہارتوں کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ کھیل کے ذریعے ان کی جسمانی صحت اور ٹیم ورک کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔

"بڑھتے قدم” پروگرام کی افتتاحی تقریب میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اسکول برائے سماجی علوم کی ڈین پروفیسر شاہدہ، مرکز برائے مطالعات نسواں کی ڈائریکٹر، ڈوپونٹ کے نمائندے، ٹمریز کی ڈپٹی سیکرٹری محترمہ ناگالکشمی، ٹمریز کی اکیڈمک کنسلٹنٹ محترمہ وانی پرکاری، ناری ویمن ویلننس انیشیٹو حیدرآباد کی فاؤنڈر محترمہ انجو آرورا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
حیدرآباد شہر سے شروع کیا جانے والا یہ مثبت اقدام "بڑھتے قدم” پروگرام تلنگانہ بھر میں وسیع کیا جائے گا، اور اس پروگرام سے تقریباً دس ہزار سے زائد لڑکیوں کو جوڑا جائے گا تاکہ انہیں تعلیمی، سماجی اور ذاتی طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔