ریاست تلنگانہ میں کنزیومر ڈے کے موقع پر عوامی رابطہ مہم، "گروہا جوتی” اسکیم سے استفادہ کی خوشی کا اظہار

حیدرآباد 3جون (پٹریاٹک ویوز) ریاست تلنگانہ بھر میں کنزیومر ڈے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ مختلف شہروں اور قصبوں میں سرکاری سطح پر پروگرام منعقد کیے گئے، جس میں عوام کو صارفین کے حقوق اور حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر شہریوں نے حکومت کی جانب سے دی جانے والی مختلف اسکیمز کے فوائد سے بھرپور استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے عوام کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقے فلک نما میں بھی کنزیومر ڈے کی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا، جہاں مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں اسسٹنٹ ڈیویژنل انجینیئر (اے ڈی ای) آپریشن فلک نما کے علاوہ دیگر اہم افسران اور انجینئرز نے بھی شرکت کی۔ فلک نما سب ڈویژن کے اے ڈی ای کے راجو، اے ای آپریشن فلک نما ای شوا، اے ای آپریشن چھتری ناکہ پی دستگیر، اور اے ای آپریشن چندرائن گٹہ نے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس کے علاوہ سب ای آر فلک نما، یو ڈی سی ایم سنگیتا، سب انجینئرز، اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
پروگرام کے دوران عوام نے حکومت کی اسکیم "گروہا جوتی” سے ملنے والے فوائد پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے ذریعے انہیں بجلی کے بلوں میں رعایت ملی ہے، جس سے ان کے مالی بوجھ میں کمی آئی ہے۔ عوام نے بلا رکاوٹ برقی سربراہی پر بھی حکومت کا شکریہ ادا کیا، کیونکہ برقی سربراہی میں بہتری سے ان کے روز مرہ کے معاملات میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور کاروبار میں بھی استحکام آیا ہے۔
کنزیومر ڈے کے اس موقع پر محکمہ برقیات کے افسران نے عوام کو ان کی شکایات اور تجاویز کو سننے اور مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران حکومت کی مختلف اسکیموں اور رعایتی پیکجوں سے متعلق معلومات بھی فراہم کی گئیں، تاکہ عوام ان اسکیمز سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا سکیں۔