حضرت عبدالقادر جیلانی ؒ کی تعلیمات امت کیلئے مشعل راہ : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی کا خطاب
حیدرآباد(راست) ماہ ربیع الثانی اسلامی سال کا چوتھا مہینہ ہے ۔ اس مہینہ کوگیارہویں شریف کامہینہ بھی کہاجاتا ہے جو حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒسے منسوب ہے۔ بچپن سے ہی آپؒ کی کر امات ظاہرہونے لگی۔ سب سے پہلے جب آپ تعلیم کیلئے سفرپرنکلے تو آپ کی سچائی سے متاثر ہوکر ڈاکوئوں نے توبہ کرلی۔ آپ ؒ کا شمار اسلامی تاریخ کی عظیم روحانی شخصیتوں میں ہوتا ہے۔ آپ کی ریاضت وعبادت، زہد و تقویٰ، علمی وروحانی فضیلت، اخلاق کریمہ اور عام و خواص کی اصلاح کے حوالے سے بے شمار خدمات عوام کیلئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کااظہار مسجد محمودہ شاستری پورم میں نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں مولانا محمدریا ض احمد قادری حسامی( ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما) نے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ حضرت عبدالقادر جیلانی ؒ کومحی الدینؒ اورغوث الاعظمؒ جیسے القابات سے نوازا گیا ،جو آپؒ کے بلند مقام اور دینی خدمات کی عظمت کو ظاہر کرتے ہیں۔مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے کہاکہ حضرت جیلانی ؒ کی ولادت 470 ہجری میں ایران کے علاقے جیلان میں ہوئی اور آپ نے بغداد میں اسلامی علوم میں مہارت حاصل کی۔ آپ کو قرآنی علوم، حدیث، فقہ، اور تصوف میں غیر معمولی دسترس حاصل تھی۔ آپؒ کے درس و تدریس کا سلسلہ نہ صرف بغداد بلکہ پوری اسلامی دنیا تک پھیل گیا اور آج تک آپؒ کی تعلیمات مسلم امت کے لیے ایک روشن چراغ ہے۔مولانا نے تصوف میں حضرت عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے منفرد مقام کو اجاگر کرتے ہوئے فرمایا کہ آپؒ کی تعلیمات میں اللہ کے قرب کے حصول کے لیے اللہ کی اطاعت، سیرت طیبہؐ کی اتباع، اخلاص،شریعت کی پابندی اور اخلاقی تطہیر پر زور دیا جاتا ہے۔ آپؒ نے ہمیشہ ظاہر و باطن کے علم کو ایک ساتھ اہمیت دی اور تصوف کو شریعت کے تابع رکھا۔آپ کے وعظ کا اثر لوگوں پرراست ہوتا تھا اور مجلس میں عوام پر ایک روحانی کیفیت طاری ہوجاتی تھی۔ مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے کرامات اور ولایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کو بے شمار کرامات سے نوازا گیا اور آپؒ کی سب سے بڑی کرامت آپؒ کی تعلیمات اور اخلاقی قوت ہے، جو آج بھی زندہ ہے اور لاکھوں لوگوں کو ہدایت کی راہ دکھا رہی ہے۔ مولانا نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ مولاناحمیدالدین عاقل حسامی مرحوم بھی محب اولیاء ؒ تھے۔ وہ ہرسال ربیع الثانی کے مہینہ میں گیارہ روزہ عبدالقادرجیلانی ؒکی محفلیں منعقد کرتے تھے جس میں وہ سیرت عبدالقادر جیلانی ؒ بیان فرماتے تھے اور مولانا عاقل مرحومؒ جب سلسلہ حسامیہ میں مرید بناتے تھے تو حضرت عبدالقادر جیلانی ؒکے سلسلہ سے بھی جڑتے تھے او ر سلسلہ حسامیہ کا تعلق بھی سلسلہ قادریہ چشتیہ سے ہے۔ آخر میں مولانا نے دعا کی کہ ائے اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرما تاکہ ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکیں۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































