سعودی عرب کے کئی علاقوں میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری
ریاض: سعودی عرب کے کئی علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک کے ساتھ طوفان اور اچانک سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ قومی مرکز برائے موسمیات (NCM) کے مطابق مکہ مکرمہ اور عسیر سمیت متعدد علاقوں میں موسمی صورتحال خطرناک رخ اختیار کرسکتی ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن کے میسان اور گردونواح کے لیے شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ عسیر ریجن کے المجاردہ، رجال المع اور ملحقہ علاقوں میں بھی ریڈ وارننگ نافذ ہے۔ حکام نے شدید بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور اچانک سیلاب کے امکانات سے خبردار کیا ہے۔
جازان کے ابو عریش اور احد المسارحہ سمیت علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ عسیر کے ابہا اور اطراف میں دھند کے باعث بھی اورنج الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ جازان کے الدرب، عسیر کے البرک اور مکہ مکرمہ کے بعض علاقوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
قومی مرکز برائے موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعض حصوں میں درمیانے سے شدید گرج چمک والے طوفان متوقع ہیں۔ ان کے ساتھ ژالہ باری، تیز ہوائیں اور اچانک سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ریاض میں جزوی ابر آلود موسم اور گرد و غبار، جبکہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور گرد و غبار کی توقع ہے۔ دمام میں دھند اور جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے۔
موسمی پیش گوئی کے مطابق دمام میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ ریاض، مدینہ منورہ اور بریدہ میں 45 ڈگری تک درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے۔ مکہ مکرمہ میں 42، جدہ میں 38، الباحہ میں 31 اور ابہا میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں اور رہائشیوں کو موسمی صورتحال کے دوران احتیاط برتنے اور جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔




English 





