جمعہ 22 شوال 1447هـ
#خبریں

“پراجا پالنہ – پرگتی پرنالیکا” کے تحت ریاست بھر میں گرام سبھاؤں کا انعقاد، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا عوام کے نام پیغام

حیدرآباد:03-04-2026 ریاست تلنگانہ میں “پراجا پالنہ – پرگتی پرنالیکا” کے 99 روزہ ایکشن پلان کے تحت آج ریاست بھر کے دیہی علاقوں میں گرام سبھاؤں کا انعقاد عمل میں آ رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ جناب اے۔ ریونت ریڈی نے ریاست کے عوام کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا ہے، جسے گرام سبھاؤں میں سرکاری افسران عوام کے سامنے پڑھ کر سنا رہے ہیں۔

اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی حکومت کی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے دو سال اور تین ماہ مکمل ہو چکے ہیں، اور حکومت مالی چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے بھی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں میں کوئی کمی نہیں آنے دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود کو حکمران نہیں بلکہ عوام کا خادم سمجھتی ہے اور ہر فیصلہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخابات، پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کی مسلسل حمایت حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے، جس سے ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ تمام اسکیمیں صرف کاغذوں تک محدود نہ رہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ “پراجا پالنہ – پرگتی پرنالیکا” پروگرام 6 مارچ سے شروع ہو کر 99 دنوں تک جاری رہے گا، جس میں گاؤں سے لے کر ریاستی سطح تک تمام محکمے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر افسر عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائے، فائلوں کی تیز رفتار منظوری، دفاتر میں صفائی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مختلف فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہالکشمی اسکیم، خواتین کے لیے مفت بس سفر، 500 روپے میں گیس سلنڈر، 200 یونٹ تک مفت بجلی، آروگیہ شری، راشن کارڈز، باریک چاول اور اندراما مکانات جیسی اسکیمیں مستحقین تک پہنچنی چاہئیں۔

انہوں نے “تلنگانہ رائزنگ – 2047” وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کو معاشی، صنعتی اور زرعی میدان میں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانا حکومت کا عزم ہے۔ اس وژن کے تحت ریاست کو CURE، PURE اور RARE زمروں میں تقسیم کر کے ترقی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ 99 روزہ پروگرام محض ایک سرکاری مہم نہیں بلکہ ایک اجتماعی عزم ہے، جس کے ذریعے چار کروڑ تلنگانہ عوام کو متحد ہو کر ملک اور دنیا کے لیے ایک مثال قائم کرنی ہے۔

آخر میں انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس خواب کی تکمیل میں ہر شہری کا کردار اہم ہے۔
“پراجا پالنہ – پرگتی پرنالیکا” کے تحت ریاست بھر میں گرام سبھاؤں کا انعقاد، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا عوام کے نام پیغام

03 APRIL 2026 URDU DAILY NEWS

“پراجا پالنہ – پرگتی پرنالیکا” کے تحت ریاست بھر میں گرام سبھاؤں کا انعقاد، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا عوام کے نام پیغام

خانگی اسکولوں میں فیس میں بھاری اضافہ

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے