علم و ادب اور دینی خدمات کے اعتراف میں باوقار پروگرام، پروفیسر خواجہ عمر کی نصف صدی پر محیط خدمات کو خراجِ تحسین
حیدرآباد:علم و ادب کے فروغ اور دینی و تعلیمی خدمات کے اعتراف میں منعقد ہونے والا ایک باوقار، بصیرت افروز اور تاریخی پروگرام ، جس میں پروفیسر خواجہ عمر صاحب کی نصف صدی پر محیط تدریسی، علمی اور دینی خدمات کو نہایت وقار اور حسنِ اسلوب کے ساتھ خراجِ تحسین پیش جارہا ہے۔
مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی ایڈیٹر پٹریاٹک ویوز نے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات محض تعریفی اجتماعات نہیں ہوتیں بلکہ علمی روایت کے تسلسل، اقدار کی ترسیل اور نئی نسل کی فکری و اخلاقی رہنمائی کا مضبوط ذریعہ بنتی ہیں۔
مولانا ریاض احمد نے کہا کہ پروفیسر خواجہ عمر نے اپنی زندگی کے قیمتی لمحات علم کی اشاعت، دینی شعور کی بیداری اور طلبہ کی فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے وقف کیے۔ ان کی خدمات علم و عمل، اخلاص و استقامت اور سادگی و وقار کا حسین امتزاج ہیں، جو عصرِ حاضر کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک روشن نمونہ اور مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔
مولانا ریاض حسامی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بعض ناگزیر مصروفیات کے باعث وہ اس عظیم، بامقصد اور یادگار علمی و دینی پروگرام میں بالمشافہ شرکت نہ کر سکے، تاہم انہوں نے پروگرام کی کامیابی، افادیت اور بارگاہِ الٰہی میں قبولیت کے لیے دلی دعائیں اور نیک تمنائیں پیش کیں اور انہیں مدعو کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ بالخصوص مولانا مفتی عبدالحامد رشادی (فرزندِ محترمِ پروفیسر خواجہ عمر) اور ان کے پوتے حافظ ادریس مصباحی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے اس عظیم علمی و دینی ورثے کو اجاگر کرنے میں نہایت قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔
مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، منتظمین کے اخلاص میں برکت دے اور اس علمی و دینی تسلسل کو دراز اور ثمر آور بنائے۔ آمین۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































