تلنگانہ جاگروتی آزاد اور خود مختار سیاسی طاقت کے طور پر ابھر نے کےلئے تیار
ریاست کےلئے ایک جامع ترقیاتی روڈ میاپ کی تیاری کے خصوص میں 32کمیٹیوں کی تشکیل
پالیسی بلیوپرنٹ پہلا اور سیاست اگلا ہدف
آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کی توثیق :کے کویتا
حیدرآباد: تلنگانہ کی ثقافتی ترقی ‘تاریخی ورثے کا تحفظ وبقاءاور سماج کے تمام طبقات کی فلاح وبہبود کےلئے تلنگانہ جاگروتی زائد از دودہائیوں سے مصروف عمل ہے۔اب تلنگانہ جاگروتی نے ریاست کےلئے ایک جامع ترقیاتی روڈ میاپ کی تیاری کے خصوص میں اقدامات کا آغاز کردیاہے۔جس میں کمزور اور پسماندہ طبقات کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔جاگروتی جنم باٹا” عوام تک رسائی “پروگرام کے حصہ کے طور پر صدرتلنگانہ جاگروتی کے کویتا نے ریاست بھر میں مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات ‘تنظیموں کے نمائندوں اورعوام سے بات چیت کی۔مختلف طبقات اورتنظیموں سے وابستہ افراد نے تلنگانہ کی ایک آزاد سیاسی شناخت اور پہچان کی ضرورت پر زوردیا۔ان آراءپر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کویتا نے اعلان کیاکہ عوام کی امنگوں کی عکاسی کے خصوص میں جلد ہی ایک سیاسی لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا۔انہوںنے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ تلنگانہ جاگروتی آئندہ اسمبلی انتخابات میں ایک آزاد سیاسی قوت کے طور پر مقابلہ کرے گی۔تلنگانہ جاگروتی کی توسیعی عاملہ کمیٹی کا اجلاس 6جنوری کو منعقد ہوا۔ جس میں مستقبل کی منصوبہ بندی کےلئے جمہوری اور جامع نقطہ نظر کا عزم کیاگیا۔معاشرہ کے تمام طبقات کی نمائندگی پر مشتمل ماہرین کی کمیٹیاں تشکیل دینے اور ان کی سفارشات کی بنیاد پر مستقبل کی حکمت عملی کو قطعی شکل دینے کا فیصلہ کیاگیا۔تلنگانہ جاگروتی کے سینئر قائدین کے مطابق 32کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔جس میں ”تلنگانہ ریاست کی ایک دہائی ۔ایک جامع مطالعہ“پر ایک کمیٹی بھی شامل ہے۔ریاستی اور قومی سطح پر سیاسی جماعتوں کے آئین کے مطالعہ اور تلنگانہ جاگروتی کےلئے ایک مضبوط ‘جمہوری آئین کا مسودہ تیار کرنے کےلئے قانونی ماہرین پر مشتمل ایک علیحدہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ماہرین کی کمیٹیاں تعلیم ‘صحت ‘روزگار ‘زراعت‘سماجی انصاف ‘مزدوروں کی فلاح وبہبود ‘خواتین ونوجوانوں کو با اختیار بنانا ‘بہبود اقلیت ‘خلیجی ممالک میں مقیم تلنگانہ کے مزدوروں ‘آبپاشی ‘موازنہ کا تجزےہ ‘طلبہ اور ریونیو اصلاحات بشمول اہم شعبوں میں تشکیل دی گئیں۔ہر کمیٹی تین تا چار ارکان پر مشتمل ہوگی۔جس میں تعلیم یافتہ خاتون لیڈرس کی نمائندگی لازمی رہے گی۔ےہ کمیٹیاں آئندہ دس یوم کے دوران ریاست بھر کا جائزہ لیںگی اور 17جنوری کو تلنگانہ جاگروتی کے کارگزار صدر ایل روپ سنگھ کی زیر قیادت اسٹیرنگ کمیٹی کو اپنی رپورٹس پیش کریںگی۔ان رپورٹس کی بنیاد پرریاستی توسیعی عاملہ کمیٹی ‘تنظیم کے مستقبل کے سیاسی اور تنظیمی روڈ میاپ پرحتمی فیصلہ کرے گی۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































