اظہر الدین کی قیادت میں رمضان سے قبل مکہ مسجد میں بے مثال انتظامات
ماہِ مقدس رمضان کی آمد سے قبل شہرِ حیدرآباد کی تاریخی اور مذہبی شناخت مکہ مسجد میں بہترین اور منظم انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ریاستِ تلنگانہ کے اقلیتی امور کے وزیر اظہر الدین نے خود قیادت کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی معائنہ اور جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
اس موقع پر ٹی ایم آر آئی ای ایس کے چیئرمین فہیم قریشی، ذوالفقار علی کے علاوہ پولیس، جی ایچ ایم سی، تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر عہدیداران موجود تھے۔
وزیر اقلیتی امور اظہر الدین نے تمام محکموں کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رمضان سے قبل تمام زیرِ التواء کام ہر حال میں مکمل کیے جائیں۔ معائنے کے دوران صفائی، پینے کے پانی، روشنی، بجلی، سکیورٹی اور نمازیوں کے لیے بنیادی سہولتوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
انہوں نے افسران کو سخت مگر مثبت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مکہ مسجد میں لاکھوں نمازی حاضری دیتے ہیں اور ان کو کسی بھی قسم کی پریشانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت مسلم کمیونٹی کے جذبات اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان کے دوران بہترین انتظامات فراہم کرے گی۔
اظہر الدین نے مزید کہا کہ سکیورٹی اور ہجوم کے نظم و نسق کے لیے پولیس اور انتظامیہ کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ عبادت گزاروں کو پُرسکون ماحول میسر آ سکے۔
مقامی عوام اور نمازیوں نے وزیر اقلیتی امور اظہر الدین کے اس بروقت اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سال رمضان المبارک کے دوران مکہ مسجد میں پہلے سے کہیں زیادہ بہتر، منظم اور پُرسکون ماحول میسر آئے گا




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































