اظہر الدین کی قیادت میں قبرستان زمین کا مسئلہ حل، کانگریس حکومت کا سخت اقدام
حیدرآباد | 29 دسمبر 2025
تلنگانہ سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اہم ریویو میٹنگ کے دوران اقلیتی بہبود کے معزز وزیر محمد اظہرالدین کی قیادت اور مسلسل کاوشوں سے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے دیرینہ قبرستان زمین کے مسئلہ کو بالآخر حل کر لیا گیا۔
اس اہم اجلاس میں ریونیو، ہاؤسنگ اور انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کے وزیر پونگولیتی سرینواس ریڈی، جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی نوین یادو، ٹمریز کے چیئرمین فہیم قریشی، سینئر سرکاری عہدیداران اور ایرراگڈہ، بورابنڈہ اور شیخ پیٹ کے قبرستان کمیٹیوں کے نمائندے شریک تھے۔
اجلاس کے دوران وزیر محمد اظہرالدین نے اقلیتی طبقات کو درپیش مشکلات کو واضح طور پر حکومت کے سامنے رکھا، جبکہ ریونیو وزیر پونگولیتی سرینواس ریڈی نے کہا کہ سرکاری زمین ایک عوامی اثاثہ ہوتی ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی ناجائز قبضہ داری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔
اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ ریونیو محکمہ، ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ اور وقف بورڈ کے مابین مضبوط تال میل کے ذریعے قبرستان کے لیے مناسب زمین فراہم کی جائے۔ ضرورت پڑنے پر لینڈ ایکسچینج (زمین کے تبادلے) کے عمل کو بھی بروئے کار لایا جائے گا۔
کانگریس حکومت کے اس فیصلے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اقلیتی بہبود محض ایک وعدہ نہیں بلکہ حکومت کی ترجیح ہے۔ قبرستان کمیٹیوں کے نمائندوں نے وزیر محمد اظہرالدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور مضبوط فالو اپ ہی اس دیرینہ مسئلہ کے حل کی بنیاد بنا۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































