بس، روزگار، بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم چنچو قبائل کی درد بھری آواز
حکومت کی بے حسی بے نقاب
پسماندہ اور قبائلی طبقات کے حقوق کے لئے ہر محاذ پر جدوجہد کرے گی تلنگانہ جاگروتی: کلواکنٹلہ کویتا
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے ناگرکرنول ضلع میں جاری جنم باٹا پروگرام کے دوران پسماندہ اور قبائلی طبقات کی زندگی کو نہایت قریب سے دیکھتے ہوئے ان کے مسائل اور مشکلات کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ دورہ کے پہلے دن کی سرگرمیاں مکمل کرنے کے بعد ہفتہ کی شب انہوں نے کلواکرتی اسمبلی حلقہ کے سالارپور تانڈا میں قیام کیا، جہاں وہ مقامی گرجن عوام کے درمیان رہیں اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔
اس موقع پر کویتا نے مقامی گرجن عوام کے ساتھ سیوا لال مندر میں پوجا کی، قبائلی خواتین کے ساتھ روایتی رقص میں شریک ہوئیں اور بعد ازاں انہی کے ساتھ ایک ہی صف میں بیٹھ کر کھانا تناول کیا۔ اس سے قبل وہ کولہاپور کے ایرکلا واڑہ بھی گئیں، جہاں مقامی عوام کے ساتھ گھل مل کر ان کے حالات زندگی، مسائل اور روزمرہ مشکلات سے واقفیت حاصل کی۔
ناگرکرنول ضلع کے دورہ کے دوسرے دن اتوار کو صدر تلنگانہ جاگروتی نے امراباد ریزرو فاریسٹ میں واقع اپّا پور چنچو پینٹا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ چنچو قبائل کی بستیوں میں گئیں اور دو گھنٹے سے زائد وقت ان کے ساتھ گزار کر ان کی روزمرہ زندگی، مشکلات اور بنیادی سہولتوں کی شدید کمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ سڑک، بجلی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم اس بستی میں ہنگامی حالات کے دوران قبائلی عوام کو کس قدر سنگین دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کویتا نے اس موقع پر یاد دلایا کہ تلنگانہ جاگروتی نے نلملہ کے جنگلات میں چنچو قبائل کے تحفظ کے لئے جدوجہد کی ہے اور مائننگ کے خلاف بھرپور تحریک چلائی تھی، اور آئندہ بھی چنچو قبائل کے مسائل کے حل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اپّا پور چنچو پینٹا کے عوام سے گفتگو کے بعد کویتا نے کہا کہ قبائلی باشندے بتا رہے ہیں کہ ماضی میں انہیں جو منریگا کے کام کے دن ملتے تھے، وہ بھی اب دستیاب نہیں رہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ ایک قدیم گرام پنچایت ہونے کے باوجود آج تک بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہے، جو نہایت تشویشناک اور افسوسناک امر ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایک طرف سفاری پارک قائم کیا گیا ہے، لیکن دوسری طرف اسی گاؤں کے عوام کو بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔
صدر تلنگانہ جاگروتی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پینے کے پانی اور بجلی کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جانا چاہئے اور حکومت کو اس معاملہ میں سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت تعمیر شدہ مکانات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پانچ لاکھ روپے کے مکانات تعمیر کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، لیکن حقیقت میں یہ مکانات شیڈ نما ہیں، جن میں نہ دھوپ سے بچاؤ ہے اور نہ بارش سے تحفظ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکانات ڈیڑھ لاکھ روپے کی مالیت کے مکانات جیسے بھی نہیں ہیں اور اس معاملہ میں وہ مرکزی حکومت سے سوال کریں گی۔
کویتا نے مزید کہا کہ قبائلی کوآپریٹو ادارہ یعنی گرجن کارپوریشن چنچو قبائل کی تیار کردہ اشیاء کی خریداری نہیں کر رہا، نہ صرف یہاں بلکہ ریاست بھر میں جی سی سی کی یہی صورتحال ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئی ٹی ڈی اے سے آنے والی رقومات بھی قبائلی علاقوں تک نہیں پہنچ رہی ہیں۔ بس سہولتوں کی کمی اور آٹو رکشاؤں سے متعلق مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چنچو قبائل کے مسائل پر مکمل توجہ دیتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔
صدر تلنگانہ جاگروتی نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ پسماندہ اور قبائلی طبقات کے دکھ سکھ میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہیں گی۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































