سی پی آیی پارٹی کے 100 سالہ تکمیل پر 18/جنوری کو چلو کھمم تاریخی جلسۂ عام کو کامیاب بنانے پارٹی قایدین سے ڈویزن سیکریٹری کے نرسیملو کی اپیل ظہیرآباد میں سی پی آیی دفتر پر پرچم کشآیی کا اہتمام
ظہیرآباد۔26/دسمبر (روز نامہ پٹریاٹک ویوز ) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر اختتامی تقاریب کے سلسلے میں ظہیرآباد شہر میں واقع سی پی آئی دفتر پر پارٹی پرچم کشائی انجام دی گئی۔ اس موقع پر سی پی آئی ڈویژن سکریٹری جناب کے۔ نرسیملو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ایک ایسی جماعت ہے جس نے گزشتہ سو برسوں میں بے شمار عوامی تحریکیں چلائیں اور ہمیشہ غریب و مظلوم عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مسلح کسان تحریک کے دوران کمیونسٹوں نے رضاکاروں کے خلاف تاریخی جدوجہد کی، جیلیں کاٹیں اور برطانوی سامراج کے مظالم کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔ اس دور میں کمیونسٹوں پر ڈھائے گئے مظالم کے سبب بے شمار کارکنان شہید ہوئے، مگر اس کے باوجود سرخ جھنڈا تھامے، مرد و خواتین، حتیٰ کہ مائیں اپنے کمسن بچوں کو گود میں لے کر ظلم کے خلاف سینہ سپر رہیں اور رضاکاروں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔
کے۔ نرسمولو نے کہا کہ تحریکوں کی تاریخ اگر کسی کے نام سے جانی جاتی ہے تو وہ صرف کمیونسٹوں کی تاریخ ہے۔ آج جو پارٹیاں خود کو تحریکوں کا علمبردار بتا رہی ہیں، وہ واضح کریں کہ تلنگانہ مسلح کسان تحریک کے دوران ان کا وجود کہاں تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس جدوجہد میں بی جے پی کہاں تھی؟ محض اپنی سیاسی شناخت کے لیے تحریکوں کا سہرا لینا شرمناک عمل ہے۔ اصل اور سچے جدوجہد کرنے والے کمیونسٹ ہی رہے ہیں اور آج تک عوام کے دکھ سکھ میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سی پی آئی کے 100 سالہ یومِ تکمیل کے موقع پر 18 جنوری کو کھمم میں ایک عظیم الشان جلسۂ عام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 46 ممالک سے مندوبین شرکت کریں گے اور تقریباً پانچ لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اسی مناسبت سے تلنگانہ کی تمام ڈویژنوں میں پارٹی پرچم کشائی کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے تمام کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ کھمم میں منعقد ہونے والے اس تاریخی جلسۂ عام کو کامیاب بنائیں۔
اس موقع پر تنظیم اے انصاف ضلع سنگاریڈی صدر محمد اشفاق حسین اور پارٹی قائدین کے۔ راجو، شنکر، محمد غوث محمد رحیم، محمد اسماعیل کے علاوہ دیگر کارکنان موجود تھے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































