ہفتہ 21 رجب 1447هـ
#تلنگانہ

کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی عزم ناگزیر: لکشمن دَستیعالمی یومِ کسان کے موقع پر بیدر میں سلگتے مسائل پر گول میز اجلاسبیدر،24 دسمبر(نامہ نگار )

عالمی یومِ کسان کے موقع پر کارنجا غرقابی متاثرین کے حقوق کے تحفظ کی کمیٹی اور بیدر ضلع جامع ترقیاتی مشترکہ جدوجہد کمیٹی کے اشتراک سے بیدر میں کسانوں کے سلگتے مسائل پر ایک اہم گول میز اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مفکر، سینئر جدوجہد کار اور کلیان کرناٹک ہورٹا سمیتی کے بانی صدر جناب لکشمن دَستی نے کہا کہ بیدر ضلع کے سنگین مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ کارنجہ منصوبے کے تحت زمین سے محروم ہونے والے کسانوں کو آج تک مناسب معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا، جو نہایت تشویشناک امر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2024 میں بیلگاوی کے سرمائی اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ جناب سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ جناب ڈی کے شیوکمار کی موجودگی میں، کلبرگی کے علاقائی کمشنر کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تین ماہ کے اندر رپورٹ پیش ہونی تھی، تاہم تاخیر ہوئی ہے۔ البتہ علاقائی کمشنر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دسمبر کے اختتام تک رپورٹ حکومت کو پیش کر دی جائے گی۔
لکشمن دَستی نے مطالبہ کیا کہ رپورٹ پیش ہونے کے بعد ضلع انچارج وزیر اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے نئے سال کے آغاز ہی میں کسانوں کے لیے خوشخبری دیں۔
اجلاس میں تین اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں، جن میں بی ایس ایس کے شوگر فیکٹری کی دوبارہ شروعات، فصلوں کے لیے سائنسی بنیادوں پر امدادی قیمت کا تعین، اور کسانوں کا سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر متحد ہونا شامل ہے۔
سینئر وکیل اور کسان رہنما جناب بابو ہونّا نائک نے خطاب کرتے ہوئے 16 جنوری کو منعقد ہونے والے آل انڈیا کسان سبھا کے قومی سطح کے پروگرام میں شرکت کی اپیل کی اور کسانوں کے لیے ماہانہ اعزازی مشاہرہ دینے کے مطالبے کو بھی زور و شور سے اٹھانے پر زور دیا۔
کارنجہ غرقابی متاثرین کے حقوق کے تحفظ کی کمیٹی کے صدر جناب چندرشیکھر پاٹل نے خبردار کیا کہ اگر آنے والے سال کے پہلے مہینے میں حکومت کی جانب سے مناسب معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا تو تحریک دوبارہ شروع کی جائے گی۔
اس اجلاس میں کسان رہنما راجپا کوسم، ڈاکٹر راج شیکھر، گیانودیا تعلیمی ادارہ بیدر کے صدر دشرتھ گرو، کرناٹک اسٹیٹ وائلڈ لائف بورڈ کی مستقل کمیٹی کے رکن وِنے کمار مالگے، ہرش وردھن راٹھوڑ، سنگاریڈی محمد سولاپوری، ایم ڈی یوسف، لکشمی بائی کھودے، تیجما ہلال پور، شنکر راؤ منّلی، شِو بگدل، مادپا بسوراج ہندا سمیت سو سے زائد کسانوں نے شرکت کی اور تفصیلی بحث کے بعد اہم فیصلے کیے۔
اجلاس کی نظامت سینئر جدوجہد کار جناب ویر بھدرپا اُپّن نے کی اور انہوں نے تمام شرکاء کا خیرمقدم اور شکریہ ادا کیا۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے