نرمل، 22 ڈسمبر(انوار دکن/ایم۔اے۔وحید،اسٹاف رپورٹر):آئیڈیل انگلش میڈیم ہائی اسکول، نرمل میں یومِ قومی ریاضی نہایت جوش و خروش اور علمی ماحول میں منایا گیا۔ یہ دن عظیم ماہرِ ریاضی مسٹر سری نیواس رامانوجن کی یاد میں منایا گیا، جنہوں نے ریاضی کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دے کر دنیا بھر میں ہندوستان کا نام روشن کیا۔
اس موقع پر اسکول کی جانب سے ایک کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی ذہانت و علمی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
یومِ قومی ریاضی کے ضمن میں ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں طلبہ نے اپنے تخلیقی اور تحقیقی ریاضیاتی پراجکٹس پیش کئے۔ نمائش کے دوران طلبہ نے ریاضی کی مختلف جہتوں اور عملی اطلاق کو مؤثر انداز میں پیش کر کے حاضرین کو متاثر کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے چیئرمین و پرنسپل مسٹر شیخ شبیر احمد نے ریاضی کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور سری نیواس رامانوجن کی محنت، لگن اور غیر معمولی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ریاضی کو محض ایک مضمون نہیں بلکہ عملی زندگی کا اہم جزو سمجھیں۔
پروگرام کی کامیابی میں ثناء قونین، این سندھیا، کمیٹی کے سربراہ عشرت اور کمیٹی کے اراکین مسٹر جنید خان، وسیمہ اور شائمہ نے نمایاں کردار ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر تمام منتظمین کی گل پوشی اور شال پوشی کر کے ان کی خدمات کو سراہا گیا




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































