ریاست تلنگانہ میں ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ کے خلاف قانون سازی کی فوری ضرورتجمعیتہ علماء ضلع سنگاریڈی اور ریاستی جمعیتہ کا وزیرِ اعلیٰ ریوانت ریڈی کے اعلان کا خیرمقدم
سنگاریڈی،20/دسمبر(روز نامہ پٹریاٹک ویوز )
جمعیتہ علماء ضلع سنگاریڈی نے ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلی جناب ریونت ریڈی صاحب کے اعلان کا پرخلوص خیرمقدم کیا ہے کہ ریاست میں ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ کے خلاف کرناٹک طرز کے قانون پر کام کیا جائے گا ضلع کی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ یہ واعدہ جلد از جلد عملی شکل اختیار کرے تاکہ ریاست تلنگانہ میں امن و امان، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی مضبوط ہو سکے
جمعیتہ علماء ضلع سنگاریڈی کے صدر مفتی اسلم سلطان قاسمی اور جنرل سیکریٹری مولانا مفتی عبدالصبور قاسمی نے مشترکہ صحافتی بیان میں کہا کہ ریاستی جمعیتہ علماء تلنگانہ بھی وزیرِ اعلیٰ کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے اور قانون سازی کے عمل کی فوری تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں خطاب کے دوران جو اعلان کیا، وہ سماج میں بڑھتی ہوئی نفرت انگیز تقاریر اور جرائم کے تناظر میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نفرت انگیز تقاریر اور جرائم نے سماج میں خوف، بے چینی اور عدم تحفظ کی فضا قائم کر رکھی ہے، جس سے خصوصاً اقلیتیں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ ایسے حالات میں کرناٹک حکومت کے اقدامات اور اب تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ کا یہی طرز عمل قابلِ تعریف ہے۔
صدر اور جنرل سیکریٹری نے یاد دلایا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے دوران جمعیتہ علماء ضلع سنگاریڈی نے تمام سیاسی جماعتوں سے باضابطہ مطالبات پیش کیے تھے، جن میں سب سے اہم ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ کے خلاف قانون سازی تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اس مطالبے کو قبول کیا اور اپنے انتخابی منشور میں شامل کیا، لہٰذا اب اس وعدے کو پورا کرنا اخلاقی اور دستوری ذمہ داری ہے۔
بیان میں مزید زور دیا گیا کہ صرف بیانات کافی نہیں بلکہ اسمبلی میں قانون کی منظوری اور مؤثر نفاذ ہی نفرت انگیز عناصر کی حوصلہ شکنی کر سکتا ہے اور عام شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا کر سکتا ہے۔
آخر میں جمعیتہ علماء ضلع سنگاریڈی نے ریاستی جمعیتہ کے ہمراہ امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت آئندہ اسمبلی اجلاس میں ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ کے خلاف بل پیش کرے گی اور اسے منظور کروائے گی، تاکہ تلنگانہ میں امن، بھائی چارہ، رواداری اور دستوری اقدار کو مضبوط کیا جا سکے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































