وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے متنازع بیان پر مولانا ریاض احمد قادری حسامی کی سخت مذمت، مسلمانوں سے معافی کا مطالب
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی جانب سے دیئے گئے اس بیان — “کانگریس ہے تو مسلمان ہے، کانگریس ہے تو مسلمانوں کی عزت ہے” — پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی، ایڈیٹر روزنامہ پٹریاٹک ویوز نے اپنے صحافتی بیان میں اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مولانا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا یہ غیر ذمہ دارانہ بیان انتخابی ہڑبڑاہٹ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، جس سے ریاست کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ وزیراعلیٰ جیسے عظیم عہدے سے اس طرح کی باتیں شایانِ شان نہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ ریونت ریڈی نے متنازع گفتگو کی ہو — ماضی میں بھی ان کے کئی بیانات سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کو خطرہ لاحق نظر آیا ہے۔
مولانا ریاض احمد قادری حسامی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وزیراعلیٰ سے مختلف مسلم جماعتوں کی ملاقات ایک مسلکی بنیاد پر کی گئی، جس میں مسلمانوں کا اتحاد نظر نہیں آیا، اور نہ ہی ایسے اکابر علماء شامل تھے جنہیں عوام میں حقیقی رہنمائی کی حیثیت حاصل ہے۔ اس موقع پر مولانا نے کہا کہ آج مولانا حمیدالدین حسامی عاقلؒ کی یاد شدت سے تازہ ہوتی ہے۔
انہوں نے مولانا عاقلؒ کا قول نقل کیا کہ:
“مسلمان کسی کے احسان سے اس ملک میں زندہ نہیں ہیں، بلکہ ہم اللہ کے فضل اور رسول اللہ ﷺ کے صدقے سے زندہ ہیں۔”
مزید فرمایا کہ مولانا عاقلؒ اکثر کہا کرتے تھے:
“کانگریس حکومت ذلت اور رسوائی کے بعد مسلمانوں کے ووٹوں سے عزت پائ ہے، اور آج یہی جماعت مسلمانوں کو ذلیل کرنے کا کام کر رہی ہے۔”
مولانا قادری حسامی نے کہا کہ اگرچہ یہ جملے 15 تا 16 سال قبل کے ہیں، مگر آج کے حالات پر بھی سو فیصد صادق آتے ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ ریاست کے تمام مسلم قائدین، بالخصوص کانگریس کے مسلم رہنما وزیراعلیٰ کو اس بات پر مجبور کریں کہ وہ مسلمانوں سے معافی مانگیں۔ اگر وزیراعلیٰ کو اردو بولنے میں دشواری ہے، تو انہیں چاہئے کہ اردو زبان کا استعمال ہی نہ کریں تاکہ کسی کی دل آزاری نہ ہو — ان کے لیے تلگو زبان ہی کافی ہے۔
مولانا نے آخر میں دعا کی کہ
اللہ تعالیٰ مسلمانوں کی حفاظت فرمائے اور انہیں ہر فتنے و آزمائش سے محفوظ رکھے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































