نرمل اُتسو کے کامیاب انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کرنے کا ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو کا حکم
نرمل، 31/اکتوبر(ایم۔اے۔وحید): ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینَو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آنے والے نرمل اُتسو کی کامیاب انعقاد کے لئے پوری تیاری کریں۔ جمعہ کی شام کلکٹریٹ کے اپنے چیمبر میں کلکٹر نے اُتسو کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ گزشتہ سال نرمل اُتسو کو غیر معمولی پیمانے پر کامیابی کے ساتھ منظم کیا گیا تھا، جس سے ضلع کو ریاست بھر میں نمایاں شناخت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نرمل ضلع کی تاریخی اور ثقافتی وراثت کو اجاگر کیا گیا، اور اس سال بھی دوگنے جوش و خروش کے ساتھ کام کرتے ہوئے اُتسو کو مزید کامیاب بنایا جائے۔
کلکٹر نے ہدایت دی کہ پروگرام کے انعقاد کے لئے این ٹی آر منی اسٹیڈیم کو مکمل طور پر تیار کیا جائے۔ اس ضمن میں خوبصورتی کے کام، بیت الخلا کی تعمیر، پینٹنگ، اور روشنیوں کی تنصیب جیسے اقدامات فوری طور پر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے پارکنگ کے لئے علیحدہ مقام مختص کرنے کی بھی ہدایت دی۔
مزید کہا کہ ضلع کے اسکول طلبہ کے ذریعے ثقافتی پروگرام ترتیب دیئے جائیں، اور سوشل میڈیا پر نرمل ضلع سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کی مدد سے نرمل اُتسو کی تشہیر کے لئے ویڈیوز تیار کی جائیں۔ عوام سے اُتسو کے انعقاد کے بارے میں تجاویز اور آراء طلب کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ نرمل اُتسو کا انعقاد کامیابی سے عمل میں آئے۔
اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹرز فیضان احمد، کشور کمار، آر ڈی او رتنا کلیانی، ڈی ای او بھوجنّا، ڈی وائی ایس او سری کانت ریڈی، تحصیلدار راجو، میونسپل کمشنر جگدیشور گوڑ کے علاوہ دیگر عہدیداران اور عملہ شریک تھا۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































