حضرت غوث الاعظمؒ کی حیات نوجوانوں کیلئے عملی نصاب : مولانا ریاض احمد قادری حسامی
حضرت غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃُ اللہ علیہ کی زندگی صبر، استقامت، والدین کی دعا اور سچائی کی عملی تصویر تھی۔ آپ نے بچپن ہی سے سچائی کو شعار بنایا اور بغداد میں سختیاں جھیل کر علمِ دین و تصوف میں اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ان خیالات کااظہار مسجد محمودہ شاستری پورم میں نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی (ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم) نے کیا۔ مولانا نے کہا کہ حضرت غوث الاعظمؒ نہ صرف فقہ و حدیث کے عظیم امام تھے بلکہ ولایت و تصوف میں بھی آپ کو بلند مرتبہ حاصل تھا اور انہی کے فیوض سے سلسلہ قادریہ وجود میں آیا۔ آپ نے اپنی تعلیمات کے ذریعے واضح فرمایا کہ والدین کی دعائیں اولاد کے لیے سب سے بڑی دولت ہیں، علما کی عزت، نماز کی پابندی اور توبہ و استغفار ہی حقیقی ولایت کی بنیاد ہیں۔مولانا نے مزید کہا کہ حضرت جیلانیؒ کی کتب فتح الغیب اور فیوضاتِ ربانیہ آج بھی رہنمائی کا ذریعہ ہیں اور یہ بتاتی ہیں کہ حقیقی ولایت کرامات نہیں بلکہ علم، اخلاق اور تقویٰ کا نام ہے۔اس موقع پر مولانا نے سلسلہ حسامیہ کی روحانی روایت کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ سلسلہ حسامیہ کے بزرگ ہمیشہ قادریہ سلسلہ ہی میں مرید بناتے رہے ہیں۔ علامہ حسام الدین فاضل ؒاور ان کے فرزند مولانا حمید الدین حسامی عاقل ؒ نے اپنی پوری زندگی میں اسی طریقے کو اپنایا۔ اسی طرح مولانا جعفر پاشاہ ثانی عاقل بھی ہمیشہ سلسلہ قادریہ ہی میں مرید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سال خصوصاً ماہِ ربیع الثانی میں گیارہویں شریف کے بابرکت ایام کے دوران حسامیہ منزل پنجہ شاہ میں گیارہ دن تک مسلسل محافلِ سیرتِ حضرت سید عبدالقادر جیلانی رحمۃُ اللہ علیہ منعقد کی جاتی ہیں اور الحمدللہ یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔مولانا نے کہا کہ آج کے دور میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی تعلیمات کو اپنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اگر نوجوان سچائی، استقامت اور علما کی عزت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو معاشرے میں دینی و اخلاقی بیداری کی نئی لہر پیدا ہوسکتی ہے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































