وراثتی جائیداد میں ناانصافی وناجائز قبضہ کبیرہ گناہ : مولانا ریاض احمد قادری حسامی
حیدرآباد(راست) اسلام عدل، دیانت اور امانت کا دین ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مال و جائیداد کو عظیم نعمت قرار دیا ہے لیکن اس کے ساتھ یہ سخت تنبیہ بھی کی ہے کہ کسی کا حق دبانا یا ناجائز قبضہ کرنا سخت گناہ ہے۔ ان خیالات کااظہار مسجد محمودہ شاستری پورم میں نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی(ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم،فلک نما)نے کیا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں وراثتی جائیداد کے معاملات میں جھوٹ، فریب اور دھوکہ دہی عام ہو چکی ہے، جو نہ صرف معاشرتی بگاڑ کا سبب ہے بلکہ آخرت میں سخت پکڑ کا باعث بنے گا۔مولانا نے حدیثِ نبوی ؐکا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ منافق کی تین نشانیاں ہیں’’ جب بولے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے اور جب امانت رکھی جائے تو خیانت کرے (بخاری و مسلم)۔انہوں نے مزید کہا کہ رسول اکرم ؐ نے اپنے وصال سے قبل صحابہ کرامؓ کے سامنے اعلان فرمایا تھا کہ اگر کسی پر زیادتی کی ہے یا کسی کا حق دبایا ہے تو دنیا ہی میں بدلہ لے لے، تاکہ قیامت کے دن کوئی حساب باقی نہ رہے۔ ایک صحابیؓ کا واقعہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضور ؐ نے اپنی چادر اٹھا کر بدلہ لینے کا موقع دیا، مگر صحابیؓ نے بوسہ دے کر اپنی جانثاری کا ثبوت دیا۔ یہ حضور ؐ کے کامل عدل و انصاف اور دیانت داری کی عظیم مثال ہے۔مولانا ریاض احمد قاد ری حسامی نے والدین کے قرض کی ادائیگی کو اولاد پر دینی فریضہ قرار دیا ا ور کہا کہ اگر استطاعت نہ ہو تو دعا، صدقہ اور استغفار کا اہتمام کرنا چاہیے۔انہوں نے ایک اور رسول اللہ کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ’’مفلس وہ نہیں جو مال سے خالی ہو بلکہ مفلس وہ ہے جو قیامت کے دن بہت سی عبادتیں لے کر آئے مگر لوگوں کے حقوق دبانے اور ان پر ظلم کرنے کی وجہ سے اپنے نیک اعمال ان کے حوالے کر دے۔مولانا نے آخر میں کہاکہ زندگی کے ہر معاملے میں شفافیت، دیانت اور انصاف کو اختیار کریں تاکہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































