10 تولہ سونے کے زیورات سے بھرا بیگ برآمد، گنگادھر پولیس کریم نگر کمشنریٹ کی بہترین کارکردگی

کریم نگر: 28 نومبر (پٹریاٹک ویوز) گنگادھر پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر نریندر ریڈی اور ان کی ٹیم نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کا کھویا ہوا بیگ، جس میں 10 تولہ سونے کے زیورات اور موبائل فون موجود تھے، کامیابی سے برآمد کرکے اسے واپس کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق، گنگادھر منڈل کے لکشمی دیوی پلی گاؤں کی رہائشی 30 سالہ حناء پروین اپنی والدہ کے ساتھ بدھ کے روز کریم نگر سے آٹو رکشہ کے ذریعے اپنے گاؤں پہنچیں۔ گھر پہنچنے کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ ان کا ہینڈ بیگ، جو آٹو رکشہ میں رہ گیا تھا، غائب ہو گیا ہے۔
خاتون فوراً گنگادھر پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوئی اور شکایت درج کروائی۔ سب انسپکٹر نریندر ریڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو متحرک کیا۔ سائبر فارینسک ماہرین کی مدد سے آٹو کی نشاندہی کی گئی اور چند گھنٹوں کی محنت کے بعد بیگ برآمد کر لیا گیا۔
پولیس نے برآمد شدہ بیگ اور قیمتی سامان خاتون کے حوالے کر دیا۔ اس کارنامے پر کریم نگر کے پولیس کمشنر ابھیشیک موہنتی نے جمعرات کے روز گنگادھر پولیس ٹیم کے سب انسپکٹر نریندر ریڈی، ہیڈ کانسٹیبل راجیا، کرشنا ریڈی، کانسٹیبل مانکیا ریڈی اور پردیپ کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا۔

پولیس کمشنر نے ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کارکردگی عوام کے پولیس پر اعتماد کو مزید مضبوط کرتی ہے اور فورس کے مثبت کردار کو اجاگر کرتی ہے۔