وقارآباد منڈل کے بُران پلی گاؤں میں ₹1.46 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز – اسمبلی اسپیکر گڈّم پرساد کمار کی شرکت
وقارآباد، 22 اگست (Patriotic Views)
تلنگانہ اسمبلی اسپیکر اور وقارآباد اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی مسٹر گڈّم پرساد کمار نے ’’پَنُلا جاترا‘‘ کے حصے کے طور پر بُران پلی گاؤں میں جملہ ₹1.46 کروڑ کے ترقیاتی کاموں میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے:
20 لاکھ روپئے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گرام پنچایت بھون کا سنگ بنیاد رکھا۔
63 لاکھ روپئے کے اخراجات سے پی ڈبلیو ڈی روڈ سے بُران پلی تک نئے بی ٹی روڈ کا افتتاح کیا۔
63 لاکھ روپئے کے اخراجات سے بُران پلی تا دھنّارم نئے بی ٹی روڈ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر مقامی عوامی نمائندے، قائدین، سرکاری عہدیداران اور دیہاتی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
گڈّم پرساد کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ کی موجودہ حکومت ’’عوام کی حکومت‘‘ ہے۔ سابقہ بی آر ایس حکومت نے وقارآباد حلقے کو دس برسوں تک نظر انداز کیا، خصوصاً سڑکوں کی حالت ابتر ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے قبل بحیثیت وزیر جو سڑکیں بنائی گئی تھیں وہی آج بھی موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد 600 کروڑ روپئے کی لاگت سے پنچایت راج اور آر اینڈ بی سڑکوں کی مرمت اور نئی سڑکوں کی تعمیر کی جارہی ہے۔ سابقہ حکومت نے چھ لاکھ کروڑ کے قرضہ جات لے کر ریاست کو مقروض بنایا جس کی وجہ سے آج بھی ماہانہ 6,500 کروڑ روپئے قرض کی ادائیگی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں صرف کے سی آر خاندان اور مقامی بی آر ایس قائدین کو فائدہ پہنچا جبکہ عوام محروم رہے۔ موجودہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی باوجود ریاستی مالی مشکلات کے، ترقی و فلاحی اسکیموں کیلئے فنڈز فراہم کررہے ہیں۔ خواتین کیلئے مفت بس سفر، 200 یونٹ تک مفت بجلی اور صرف ₹500 میں گیس سلنڈر جیسی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی حالات بہتر ہوتے ہی خواتین کو ماہانہ 2,500 روپئے وظیفہ اور ایک تولہ سونا فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح زمین کے بغیر غریبوں کو زمین تقسیم کرنے، اندرامّا گھروں کی منظوری، راشن کارڈز اور پینے کے پانی کے مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی۔
اسپیکر نے اعلان کیا کہ بُران پلی گاؤں کو انہوں نے ’’گود لیا‘‘ ہے اور اسے ہر لحاظ سے ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































